1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پائریسی سے امریکہ کو اربوں ڈالر کا نقصان

20 مئی 2010

کینیڈا، چین، میکسیکو، روس اور سپین کو فلموں، موسیقی اور ویڈیو گیمز سمیت دیگر اقسام کے تفریحی مواد کی غیر قانونی نقل بنانے والے سرفہرست ممالک قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NSLa
تصویر: AP

امریکی کانگریس کے مطابق ان ممالک میں کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ کانگریس کی بین الاقوامی اینٹی پائریسی کمیٹی نے ان ممالک کو رواں سال کی ’’انٹرنیشنل پائریسی واچ لسٹ‘‘ میں گزشتہ سال کی طرح سب سے اوپر رکھا ہے۔ اس کمیٹی میں سینٹ اور ایوان نمائندگان دونوں کی نمائندگی موجود ہے۔ امریکی قانون سازوں نے بہت زیادہ افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پانچوں ممالک نے اپنے یہاں انٹیلیکچوئل پراپرٹی یعنی تخلیقی ملکیت کو محفوظ بنانے کے سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں کی۔

China Zerstörung von Raubkopien mit Dampfwalze
چین میں ضبط کی گئی غیر قانونی طریقے سے بنائی گئیں DVDs کو تباہ کیا جارہا ہےتصویر: AP

کمیٹی کے رکن، ری پبلکن سینیٹر اورن ہیچ کے بقول یہ پانچ ممالک امریکہ کو ’’لوٹ‘‘ رہے ہیں، ان کی وجہ سے امریکہ کو ہرسال اربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ کمیٹی نے اس صنعت سے متعلق اندازوں کی بنیاد پر تخمینہ لگایا ہے کہ پائریسی کی وجہ سے امریکی کمپنیوں کو ہر سال 25 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ کمیٹی کے ڈیموکریٹ رکن ایڈم شف کا کہنا ہے کہ فن کاروں اور تخلیق کاروں کو ان کی محنت کا صلہ ملنا چاہیے اور اس فہرست میں شامل ممالک پر زور دیا جانا چاہیے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں۔ شف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویزا اور ماسٹر کارڈ جیسے امریکی اداروں سے بھی جواب طلبی ہونی چاہیے، جو غیر قانونی مواد کی خرید و فروخت میں مالی معاونت کرتے ہیں۔

امریکی قانون سازوں نے امریکہ کے بین الاقوامی تجارتی حلیفوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں اس نوعیت کی سرگرمیوں کا تدارک کریں۔

ابھی تک محض کینیڈا کی حکومت نے اس رپورٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اوٹاوا میں حکومتی ترجمان کے مطابق ملکی وزیر صنعت ٹونی سلیمینٹ اور سماجی ورثے کے وزیر جیمز مور نے کاپی رائٹ کے معاملے پر پورے ملک میں طویل مشاورت کی ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا میں آئے روز کی جدت کو دیکھتے ہوئے اب نئے کاپی رائٹ قوانین متعارف کرانے کی جانب بڑھا جا رہا ہے۔

Microsoft Raubkopie
تصویر: dpa

امریکی کانگریس کی بین الاقوامی اینٹی پائریسی کمیٹی نے ایسی انٹرنیٹ ویب سائٹس کی بھی فہرست جاری کی ہے، جو امریکی تخلیق کاروں کا کام غیر قانونی طریقے سے صارفین تک پہنچا رہی ہیں۔ ان میں چین کی Baidu، کینیڈا کی isoHunt، یوکرائن کی MP3fiesta، سویڈن کی Pirate Bay، جرمنی کی Rapidshare اور لکسمبرگ کی RMX4U شامل ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی