1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آٹھ مارچ سے شروع ہو گا

عابد حسین11 دسمبر 2015

بیس بیس اوورز پر مبنی کرکٹ کا ورلڈ کپ اگلے برس آٹھ مارچ سے تین اپریل تک کھیلا جائے گا۔ اِس میچ میں شریک دس ٹیموں کو سپر ٹین ’گروپ ایک‘ اور ’گروپ دو‘ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HLyQ
تصویر: DW/T. Saeed

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ٹین لیول کے میچز پندرہ مارچ سے شروع ہوں گے۔ اِس وقت تک سپر ٹین میں آٹھ ٹیمیں منتخب ہو چکی ہیں۔ بقیہ دو ٹیموں کا انتخاب آٹھ مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ سے ہو گا۔ پہلے راؤنڈ میں آٹھ مختلف ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں بنگلہ دیش، ہالینڈ، آئرلینڈ اور اومان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ بی زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ گروپ اے کی فاتح ٹیم سپر ٹین کے گروپ ٹُو میں شامل کی جائے گی اور گروپ بی کی فاتح کو سپر ٹین میں گروپ وَن میں رکھا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مرکزی حصے میں دس ٹیمیں ہوں گی اور یہ دو گروپوں میں تقسیم کر دی گئی ہیں۔ گروپ وَن میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے علاوہ گروپ بی کی فاتح ٹیم شامل ہے۔ گروپ ٹُو میں انڈیا، پاکستان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ساتھ گروپ اے کی فاتح ٹیم شامل ہے۔

کرکٹ کے مبصرین کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ کا گروپ ٹُو انتہائی سخت ہے اور ہر میچ کانٹے دار ہو سکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق جو ٹیم جس دِن بہتر کھیلے گی، ٹورنامنٹ کی فاتح ہو گی۔ گروپ وَن سے سیمی فائنل تک کے مرحلے کے لیے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔

Bildergalerie Cricket Frauen Laura Marsh
ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ چیمپئن سری لنکا ہےتصویر: Getty Images

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بظاہر آغاز آٹھ مارچ سے ہو جائے گا لیکن مرکزی راؤنڈ کی ابتدا پندرہ مارچ سے ہو گی۔ اِس مرحلے کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ناگپور شہر میں کھیلا جائے گا۔ مبصرین نے اِسی میچ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ قرار دیا ہے کیونکہ اِس سے قبل ایک طرح سے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اپنا پہلا میچ گروپ اے کی وِنر سے سولہ مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گا۔ برصغیر پاک و ہند کے روایتی حریفوں کے درمیان میچ انیس مارچ کو ہمالیہ کے دامن واقع شہر دھرم شالا میں شیڈیول کیا گیا ہے۔

پندرہ مارچ سے شروع ہونے والے میچوں کاپلان حسب ذیل ہے:

15 مارچ: بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ، ناگ پور

16 مارچ: ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ، ممبئی

پاکستان بمقابلہ گروپ اے ونر، کولکتہ

17 مارچ: سری لنکا بمقابلہ گروپ بی ونر، کولکتہ

18 مارچ: آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ، دھرم شالا

جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، ممبئی

19 مارچ: بھارت بمقابلہ پاکستان، دھرم شالا

20 مارچ: جنوبی افریقہ بمقابلہ گروپ بی ونر، ممبئی

سری لنکا بمقابلہ ویسٹ انڈیز، بنگلور (بنگالُورو)

21 مارچ: آسٹریلیا بمقابلہ گروپ اے ونر، بنگالُورو

22 مارچ: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان، موہالی

23 مارچ: انگلینڈ گروپ بی ونر، نئی دہلی

انڈیا بمقابلہ گروپ بی ونر، بنگالُورو

25 مارچ: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، موہالی

انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا، نئی دہلی

26 مارچ: نیوزی لینڈ بمقابلہ گروپ اے ونر، کولکتہ

ویسٹ انڈیز بمقابلہ گروپ بی ونر، نئی دہلی

27 مارچ: بھارت بمقابلہ آسٹریلیا، موہالی

ویسٹ انڈیز بمقابلہ گروپ بی ونر، ناگ پور

28 مارچ: جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا، نئی دہلی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے کے دو میچ تیس اور اکتیس مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ ایک سیمی فائنل نئی دہلی اور دوسرا میچ ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کولکتہ میں تین اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن سری لنکا ہے۔ خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی انہی تاریخوں میں منعقد کیا جائے گا۔