1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹور دی فرانس کے دوران حادثے میں خاتون ہلاک

رپورٹ:مقبول ملک، ادارت:ندیم گل18 جولائی 2009

کل تین ہفتوں تک جاری رہنے والی ٹور دی فرانس سائیکل ریس کا 14 واں مرحلہ ہفتہ کی شام روسی کھلاڑی سیرگئی ایوانوف نے جیت لیا۔ ہفتہ ہی کے روز ان مقابلوں کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک خاتون ہلاک بھی ہوگئی۔

https://p.dw.com/p/IsN0
چودھویں مرحلے کے فاتح روسی کھلاڑی سیرگئی ایوانوفتصویر: picture-alliance/ dpa

14 واں مرحلہ جیتنے والے روسی کھلاڑی امسالہ ریس میں کاتوشا ٹیم کی طرف سے حصہ لے رہے ہیں جبکہ اس ریس میں مجموعی برتری ابھی تک اطالوی سائیکلسٹ رینالڈو نوسینتینی کو حاصل ہے۔

ہفتہ کے روز اس ریس کے 14 ویں مرحلے میں 199 کلومیٹر میں سے 38.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے ہوجانے کے بعد Wittelsheim نامی قصبے کے قریب ایک خاتون اس ریس میں شامل کھلاڑیوں کے ساتھ سفر کرنے والے ایک پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل کے ساتھ ٹکرا گئی۔ یہ خاتون جس کی عمر 60 اور 70 برس کے درمیان بتائی گئی ہے، شدید زخمی ہو گئی اور پولیس کے مطابق اس کا "تقریباﹰ جائے حادثة پر ہی انتقال " ہو گیا۔

بعد ازاں فرانسیسی پولیس نے بیساں کوں نامی شہر میں، جہاں روایتی طور پر ٹور دی فرانس کے 14 ویں مرحلے کا اختتام ہوتا ہے، صحافیوں کو بتایا کہ اس خاتون نے ایسے وقت پر سڑک پار کرنے کی کوشش کی جب ریس کے شرکاء کی حفاظت پر مامور موٹر سائیکل پر سوار ایک پولیس اہلکار اس کے بہت قریب پہنچ چکا تھا۔ اس حادثے میں پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل سائیکلنگ کی دلدادہ اس بزرگ فرانسیسی شہری سے ٹکرانے کے بعد سڑک سے پھسلتی ہوئی اتنی دور گئی کہ قریب کھڑے شائقین کے ہجوم میں شامل دو دیگر افراد بھی زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک 37 برس کی عمر کی ایک خاتون بتائی گئی ہے۔

2002 کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ٹور دی فرانس سائیکل ریس کے دوران کوئی مہلک حادثہ پیش آیا ہے۔ سات سال قبل اسی ریس کے دوران ایک فرانسیسی بچہ اس وقت ہلاک ہو گیا تھا جب وہ ریس کے شرکاء کے ساتھ جانے والے پبلسٹی کاررواں میں شامل ایک گاڑی سے ٹکرا گیا تھا۔