1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹريفالگر اسکوائرميں دلچسپ بھول بھلياں

4 اگست 2010

برطانوی دارالحکومت لندن ميں پير دو اگست سے لے کر چھ اگست تک سياحوں کے لئے ايک نئی دلچسپی کا انتظام کيا گيا ہے

https://p.dw.com/p/ObeF
ٹريفالگر اسکوائر سينٹرل لندن کا ايک منظرتصویر: AP

برطانوی دارالحکومت لندن کے مشہور ٹريفالگر اسکوائر ميں ايک قطعہء زمين پر سڑکوں اور گليوں کا ايک پيچيدہ جال بچھاکر بھول بھلياں بنائی گئی ہيں جو سياحوں کی زبردست دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہيں۔ ان کے ارد گرد جھاڑيوں کی باڑ لگائی گئی ہے۔ صرف اس ہفتے کے لئےبنائی گئی بھول بھليوں کا مقصديہاں آنے والوں کو برطانوی دارالحکومت کے ويسٹ اينڈ ايريا کے کچھ ايسے چھپے ہوئے اور دلچسپ کونوں اور مقامات سے متعارف کرانا ہے جو عام طور پر نظروں سے اوجھل رہتے ہيں۔لندن کا ويسٹ اينڈ اصل ميں اپنی دکانوں اور تھيٹرز کے لئے بہت مشہور ہے۔

ٹريفالگر اسکوائر ميں اس قطعہء زمين کو کئی حصوں ميں تقسيم کيا گيا ہے جن ميں سے ہر حصے کو ويسٹ اينڈ کی ايک سڑک کا نام ديا گيا ہے۔ نيلے رنگ کی تختياں بھی نصب کی گئی ہيں جن پر اس علاقے کے بارے ميں دلچسپ حقائق درج ہيں۔ اس پراجيکٹ کے پيچھے ويسٹ اينڈ پارٹنر شپ نامی ادارے کا ہاتھ ہے۔ اس کے چيئر مين برائن کونيل نے کہا: " ہم ہرہفتے ويسٹ اينڈ آنے والے ہزاروں افراد کو خوش آمديد کہتے ہيں ليکن اس پراجيکٹ کے ذريعے ہم يہ چاہتے ہيں کہ لوگ عام راستوں اور سڑکوں سے ہٹ کر کچھ اور بھی ديکھيں جو عام طور پر نظروں سے چھپا رہتا ہے۔ "

Hyde Park in London Flash-Galerie
لندن کے مشہور ہائڈ پارک کا ايک منظرتصویر: picture alliance/Photoshot

ٹريفالگر اسکوائر ميں بھول بھليوں پر مشتمل اس قطعے کا افتتاح پير دو اگست کو ہوا تھا اور اسی دن تقريباً پانچ ہزار افراد اسے ديکھنے آئے تھے۔ يہ پُرپيچ راستے 30 ميٹر لمبے اور 20 ميٹر چوڑے قطعے پر بنائے گئے ہيں۔ اس کا اختتام جمعہ چھ اگست کو ہورہا ہے اور ان بھول بھليوں والی جھاڑيوں میں گم ہوجانے کے لئے سينکڑوں شائقين کی قطاريں لگی ہوئی ہيں۔ اسے ديکھنے والوں ميں امريکہ کا 11 سالہ برينڈن ويب بھی شامل ہے۔ نيشنل گيلری کی سيڑھيوں کے قريب ان بھول بھليوں سے باہر نکلنے پر اس نے کہا کہ يہ واقعی بہت دلچسپ تجربہ تھا: " ايک مرتبہ اندر پہنچ جانے کے بعد اگر آپ راستہ بھول بھی جائيں تب بھی آپ اور زيادہ آگے ہی بڑھنا چاہتے ہيں اور بار بار ان ميں داخل ہونا چاہتے ہيں۔" برينڈن نے کہا کہ اسے ان بھول بھليوں ميں جا کر يہ بھی پتہ چلا کہ دنيا کا سب سے چھوٹا پوليس اسٹيشن ٹريفالگر اسکوائر ميں واقع ہے۔ اُس کی 48 سالہ ماں کيری ويب نے کہا:" يہ بھول بھلياں سياحوں اور لندن کے رہنے والوں دونوں کے لئے ايک بہت دلچسپ جگہ ہيں۔" انہوں نے کہا کہ ان بھول بھليوں کی سير نے انہيں اپنے بچوں کو قريب ہی واقع کووينٹ گارڈن ميں لے جانے پر آمادہ کيا۔ کيری نے کہا يہ آپ کو اس بات کی ياددہانی کراتا ہے کہ آپ کے ارد گرد کيا کچھ واقع ہے۔

85 سالہ ايولائن سوٹر دوسری عالمی جنگ کے زمانے ميں لندن ميں کام کرتی تھيں۔ انہوں نے ٹريفالگر اسکوائر کی ان بھول بھليوں کے بارے ميں کہا: " يہ ميری يادوں کا سفر تھا۔ يہ بہت ہی اچھا تجربہ تھا۔ اس سے لندن کی تاريخ سے متعلق بھی معلومات حاصل ہوتی ہيں۔"

رپورٹ : شہاب احمد صدیقی

ادارت : افسر اعوان