1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يورپی وزرائے ماليات کی کانفرنس

7 دسمبر 2010

برسلز ميں آج ستائیس رُکنی یورپی یونین کے وُزرائے مالیات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ اِس سے پہلے کل پیر کو برسلز ہی میں يورو کرنسی زون کے وزرائے ماليات کی کانفرنس میں اُن شدید مشکلات پر تبادلہء خیال کیا گیا، ۔

https://p.dw.com/p/QRSP
برسلز: يورو بلاک کے وزرائے مالياتتصویر: AP

يورو کرنسی زون میں شامل 16 ملکوں کے وزرائے ماليات کے درميان اس بارے ميں اختلاف رائے پايا جاتا ہے کہ قرضوں کے بحران اور مالی مشکلات کے شکار ممالک کو بچانے کے لئے کيا اقدامات کئے جانے چاہئيں۔ يورپی يونين نے يورو زون کے شديد مالی مشکلات سے دوچار ممالک کی مدد کے لئے ايک ہنگامی فنڈ قائم کر رکھا ہے، جس ميں يورپی يونين اور عالمی مالياتی فنڈ کے فراہم کردہ 750 ارب يورو رکھے گئے ہيں۔

آئر لينڈ کے بعد اب يہ خطرہ ہے کہ پرتگال اور اسپين کو بھی ہنگامی فنڈ سے امداد حاصل کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس لئے يورو زون کے بعض ممالک، مثلاً بيلجيئم کے خيال ميں اس فنڈ کے حجم ميں اضافہ کرنا چاہيئے۔ عالمی بينک اور عالمی مالياتی فنڈ بھی اس پر زور دے رہے ہيں۔

Irland Finanzkrise
آئرلينڈ ميں اقتصاذی بحران :مظاہرہتصویر: AP

تاہم جرمنی اور ہالينڈ اس فنڈ کے موجودہ حجم کو کافی سمجھتے ہيں۔ اُن کا کہنا ہے کہ اب تک اس فنڈ کا صرف دسواں حصہ استعمال کيا گيا ہے۔ جرمن وزير ماليات وولف گانگ شوئبلے نے کہا کہ يورو ايک مضبوط کرنسی ہے اور مالیاتی منڈیوں ميں اُس پر اعتماد کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا ميرکل نے ہنگامی امدادی فنڈ ميں اضافے اور يورو زون کے پرائز بانڈز جاری کرنے کی سختی سے مخالفت کی ہے:" ميں فی الوقت فنڈ ميں اضافے کی کوئی ضرورت محسوس نہيں کرتی۔"

گزشتہ روز کے صلاح و مشورے کے بعد يورو زون کے وزرائے ماليات نے يہ فيصلہ کيا کہ زون کے مالی مشکلات سے دوچار ممالک کی مدد کا ہنگامی فنڈ کافی ہے اور اس ميں اضافے کی ضرورت نہيں ہے۔ اس فنڈ کے انتظامی سربراہ کلاؤس ريگلنگ نے کہا:’’ميں ہنگامی امدادی فنڈ کے ناکافی ہونے کی باتيں سن رہا ہوں، ليکن يہ صحيح نہيں ہے۔ آئرلينڈ کے لئے نسبتاً کم رقم کی ضرورت پڑی ہے اور اگر ضرورت ہوئی تو فنڈ ميں دوسرے ملکوں کی امداد کے لئے بھی کافی رقم موجود ہے۔‘‘

Symbolbild Portugal Euro
پرتگال کا يورو سکہتصویر: Detlef - Fotolia.com

کل کے اجلاس ميں يورو زون کے وزرائے ماليات نے اسپين اور پرتگال کے مالی مسائل پر پوری توجہ دی اور انہوں نے عالمی مالياتی فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل شٹراؤس کان سے يورپ کی عمومی اقتصادی صورتحال پر بھی بات کی۔

آج صرف يورو زون کے نہيں بلکہ يورپی يونين کے پورے 27 ممالک کے وزرائے ماليات کے درميان صلاح مشورے ہو رہے ہيں، جن ميں قرضوں کے بحران کے علاوہ يورپی بجٹ اور قريب تر معاشی تعاون جيسے موضوعات پر بھی بات چيت ہوگی۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں