1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینا ملک نے بھارتی جریدے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

6 دسمبر 2011

پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے اپنی متنازعہ برہنہ تصویر کی اشاعت پر بھارتی جریدے ’ایف ایچ ایم انڈیا‘ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13NHI
وینا ملکتصویر: AP

بھارتی جریدے ’ایف ایچ ایم انڈیا‘ نے اپنی دسمبر کی اشاعت میں سرورق پر وینا ملک کی برہنہ تصویر شائع کی ہے، جس میں ان کے بازو پر پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کا نام تحریر ہے۔

ایف ایچ ایم انڈیا کا دسمبر کا شمارہ پیر کو ہی مارکیٹ میں آیا ہے تاہم اس کا سرورق ویک اینڈ پر اس کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے وینا ملک کی تصویر کا تنازع اسی وقت پیدا ہو گیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وینا ملک کے ترجمان سہیل رشید نے پیر کو بتایا کہ اداکارہ نے ہتک عزت پر ایف ایچ ایم انڈیا پر بیس لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ تاہم اس جریدے کا کہنا ہےکہ سرورق پر شائع کی گئی تصویر اصلی ہے اور اسے وینا کی مرضی سے شائع کیا گیا۔

سہیل رشید کا کہنا ہے: ’’تصویر جعلی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اس جریدے نے وینا ملک کی ’ساکھ اور کردار‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: ’’وینا ملک کبھی برہنگی پر نہیں اتریں اور مستقبل میں بھی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔‘‘

اس جریدے کے مدیر کبیر شرما نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ وینا ملک کے الزامات پر حیرت زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’ہو سکتا ہے کہ انہیں شدید ردِ عمل کا سامنا ہو اور ہو سکتا ہے اسی لیے وہ اس سے انکار کر رہی ہوں۔‘‘

ان کا مزید کہنا ہے: ’’سرورق جعلی نہیں۔ وہ ایسی ہی دکھائی دیتی ہیں۔ وہ حسین جسم کی مالک ہیں۔‘‘

کبیر شرما نے پیر کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ اپنا مؤقف بیان کرنے کے لیے وہ اس فوٹو شوٹ کی مزید تصویریں جاری کریں گے۔

رپورٹ: ندیم گِل / اے ایف پی

ادارت: عدنان اسحاق