1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمن فٹبال: جرمنی اور انگلینڈ ورلڈ کپ سے باہر

10 جولائی 2011

خواتین کے ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز کے سلسلے میں کھیلے جانے والے پہلے دو میچوں میں ہفتے کے روز فرانس نے انگلینڈ کو جبکہ جاپان نے جرمنی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنے لیے جگہ بنا لی ہے۔

https://p.dw.com/p/11sMv
تصویر: dapd

جرمنی اور جاپان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم اضافی وقت میں جاپان کی ٹیم نے جرمنی کے خلاف میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کر کے دفاعی چیمپئن جرمن ویمن فٹبال ٹیم کا ایک بار پھر عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

خواتین کے ورلڈ کپ فٹبال مقابلوں کے سلسلے میں جرمن شہر لیور کوزن میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں فرانس کی کھلاڑیوں نے انگلینڈ کو مسلسل دباؤ میں رکھا تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس کے ذریعے کیا گیا، جس میں فرانس نے انگلینڈ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔

جرمنی اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان جرمن شہر وولفس برگ میں کھیلے جانے والے میچ کے 108ویں منٹ میں جاپان کی طرف سے یہ گول کپتان ہومارے ساوا کے لمبے پاس پر متبادل کھلاڑی کارینا ماروُیاما نے کیا۔

Flash-Galerie Frauen-Fußball-WM 2011 Viertelfinale Deutschland - Japan
جرمن کھلاڑی افسردہ انداز میں میدان سے باہر جاتے ہوئےتصویر: picutre-alliance/Foto Huebner

میچ کے بعد جرمن کوچ سِلویا نائید نے کہا کہ ان کی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے۔ ’’عالمی نمبر چار ٹیم جاپان کے خلاف سب سے اہم بات یہ ہوتی ہے کہ آپ اس کے گول پر کتنے تابڑ توڑ حملے کرتے ہیں۔ ہماری ٹیم مکمل طور پر مجتمع ہو کر کھیلنے اور بال کو گول میں پہنچانے میں ناکام رہی۔ ظاہر ہے یہ ایک بدقسمتی اور دکھ کی بات ہے۔‘‘

جاپانی ٹیم کی کوچ نوریو ساساکی نے میچ میں فتح کے بعد اپنے انٹرویو میں کہا کہ جرمن ٹیم کے خلاف فتح جاپانی کھلاڑیوں کے لیے اور زیادہ حوصلے اور تقویت کا باعث ہے۔

’’جرمنی کے خلاف جیت واقعی حوصلہ افزا اور اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کے لیے مددگار ہو گی۔ مجھے اپنی ٹیم پر بہت فخر ہے۔‘‘

خواتین کے فٹبال ورلڈ کپ مقابلوں کے سلسلے میں دیگر دو کوارٹر فائنل مقابلے آج اتوار کو ہوں گے۔ ان میں سے ایک میچ میں آؤگس برگ میں سویڈن اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرا میچ برازیل اور امریکہ کی ٹیموں کے درمیان ڈریسڈن میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں