1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویلنگٹن ٹیسٹ: پہلے روز نیوزی لینڈ چھ وکٹوں پر 246 رنز

15 جنوری 2011

ویلنگٹن میں ہفتے کے روز نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو چھیالیس رنز پر ختم ہوا۔

https://p.dw.com/p/zy6m
پاکستان کی طرف سے عمر گل نےدو وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب میزبان ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین میک کلم صرف دو رنز بنا کر پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر عمر گل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

Brendon McCullum
میک کلم صرف دو رنز بنا کر پہلے ہی اوور میں کیچ آؤٹ ہو گئےتصویر: UNI

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 46 کے مجموعی اسکور پر گری جب ویلیمسن عمر گل ہی کی گیند پر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد پاکستان کو یکے بعد دیگرے دو کامیابیاں ملیں اور نیوزی لینڈ کی تیسری اور چوتھی وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری۔

پہلے دن کے سب سے کامیاب بیٹسمین ٹیلر رہے، جنہوں نے78 رنز بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر وہ بھی عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ میچ کے پہلے روز ٹیلر آؤٹ ہونے والے نیوزی لینڈ کے آخری کھلاڑی تھے، جن کے بعد ابھی تک وکٹ کیپر ینگ 28 اور کپتان ویتوری 38 کے ذاتی اسکور پر کھیل رہے ہیں اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے عمر گل نے 53 رنز اور تنویر احمد نے 63 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض اور عبد الرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویلنگٹن کے بیسن ریزرو گراؤنڈ پر دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کی خاص بات پاکستانی وکٹ کیپر عدنان اکمل کی کارکردگی تھی، جنہوں نے میزبان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے کل چھ کھلاڑیوں میں سے پانچ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں