1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کریں گے، اظہر علی

9 مئی 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کےجواں سال بیٹسمین اظہر علی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرے گی۔

https://p.dw.com/p/11CUY
دو ہزار نو میں شعیب اختر ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دورانتصویر: AP

ریڈیو ڈوئچے ویلے کو دیے گئے انٹرویو میں چھبیس سالہ اظہر علی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو ویسٹ انڈیز ہی میں ٹیسٹ سیریز ہرانے کا اس سے بہتر موقع پھر نہیں مل سکتا۔

ان کے مطابق ٹیم کی کارکردگی گز شتہ دو تین ٹیسٹ سیریز میں اچھی رہی ہے۔’ ہم نے مشکل صورتحال میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں سے میچ بچائے بھی ہیں اور فتح بھی حاصل کی۔ فائٹ بیک کرنا دنیا کی کسی بھی ٹیم کے پروان چڑھنے کی علامت ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اب پہلے جیسی نہیں رہی اس لیے ہمیں دونوں ٹیسٹ جیتنے چاہیں‘۔

چبھیس سالہ اظہر علی پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اظہر علی نے دس ٹیسٹ میچوں میں چھ نصف سینچریاں سکور کی ہیں۔ علی نے کہا کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز میں اپنی اولین سینچری بھی اسکور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میری کوشش ہوگی کہ میں گیانا اور سینٹ کسٹس دونوں ٹیسٹ میچوں میں سینچریاں بناؤں‘۔

Umar Akmal
اظہر علی پاکستان کے دیگر تمام کھلاڑیوں کے ساتھ پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کھیلیں گےتصویر: AP

اظہر علی پاکستان کے دیگر تمام کھلاڑیوں کے ساتھ پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے تاہم اظہر نے کہا کہ اب ویسٹ انڈیز باہر سے آنے والوں کے لیے خوف کی سرزمین نہیں رہی۔ یہاں کی وکٹیں بدل گئی ہیں اور باؤلنگ کو بھی اب کالی آندھی سے تشبیہ نہیں دی جا سکتی۔

پاکستانی ٹیم میں عمر اکمل، حماد اعظم اور اسد شفیق کی موجودگی میں نئے کھلاڑیوں میں مقابلے کی فضا کے بارے میں اظہر علی نے کہا، ’’ہم سب میں دوستی ہے اورہر کوئی ایک دوسرے سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کے لیے بھی سرتوڑ کوشش کرتا ہے۔ یہ ٹیم کے لیے اچھا ہے‘‘۔

اظہر علی نے کہا، ’میں ابھی کسی بھی بڑے بیٹسمین کے ساتھ موازنہ نہیں کرتا تاہم میری تمنا ہے کہ جلد ہی میرا نام بھی بڑے ناموں میں شمار ہو اور اس کے لیے میں سخت محنت کر رہا ہوں‘۔

رپورٹ: طارق سعید، لاہور

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں