1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویتنام میں ہاتھ، پیر اور منہ کی بيماری میں زبردست اضافہ

27 اکتوبر 2011

حکام نے بتايا ہے کہ ويتنام ميں ہاتھ، پیر اور منہ کی بيماری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان بیماریوں کے باعث جنوری سے اب تک اٹہتر ہزار افراد متاثر اور ايک سو سينتيس افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔

https://p.dw.com/p/130D4
تصویر: Fotolia/drubig-photo

وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ویتنام میں گزشتہ برس گيارہ ہزار ایسے افراد کا اندراج کيا گيا تھا، جو ہاتھ، پیر اور منہ کی بیماری میں مبتلا تھے۔ جبکہ اس بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھہ تھی۔ مرکزی صوبے کيونگ نگئی ميں وزارت صحت کے عہدہ دار نگيان ٹين ڈک نے اس حوالے سے بتايا کہ اس صوبے ميں انفيکشن کی شرح میں گزشتہ برس کی نسبت پينتاليس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بيماری کا باعث بننے والے وائرس کے زيادہ پھيلنے کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد ميں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی وزارت صحت کے عہدیدار نگیان ٹین ڈک کے اس بيان کی تصديق کی ہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے ميں اس سال متاثرہ افراد کی شرح قدرے زيادہ ہے۔ نگيان ٹين ڈک نے اس بات کا بھی انکشاف کيا کہ اکتوبر سے دسمبر کے عرصے کے دوران یہ وائرس زيادہ فعال ہوسکتا ہے اور اسی ليے اس دوران ہلاکتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ وزير صحت نگيان تھی کم نے اس حوالے سے بتايا کہ ملک ميں اس بيماری سے لوگ متاثر ضرور ہو رہے ہيں ليکن صورتحال مکمل طور پر کنٹرول ميں ہے۔ یہ وائرس لعاب، یسيال مادے اور پاخانے کے ذريعے منتقل ہوتا ہے تاہم بالغ افراد جن ميں قدرتی مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے ان ميں اس بيماری کی شرح نماياں طور پر کم ہے۔

Gesichtschirurgie in Jena
جن ميں قدرتی مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے ان ميں اس بيماری کی شرح نماياں طور پر کم ہے۔تصویر: picture-alliance/dpa

بہت ہی کم افراد ميں یہ بيماری جان ليوا ثابت ہوتی ہے تاہم گردن توڑ بخار اور پھيپھڑوں کے عارضے ميں مبتلا افراد کے ليے یہ بہت ہی خطرناک ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اس بيماری سے بچاؤ کی کوئی ويکسين دستياب نہيں ہے۔ اب تک ويتنام کا جنوبی حصہ اس کے باعث سب سے بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں متاثرہ افراد کی شرح سڑسٹھ فيصد اور اموات کی شرح نواسی فيصد سے زيادہ ہے۔

رپورٹِ شاہد افراز خان

ادارت عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں