1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’وکی لیکس پر غیر قانونی تفتیش ہو سکتی ہے‘‘ : اسانج

18 دسمبر 2010

وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے جمعہ کے روز الزام عائد کیا ہے کہ انہیں اور ان کی تنظیم کو ایسے افراد کی طرف سے غیر قانونی تحقیقات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جنہیں وکی لیکس انکشافات کی وجہ سے ندامت کا سامنا کرنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/Qf4N
تصویر: AP

برطانیہ میں ضمانت پر رہائی کے بعد ایلیگم ہال میں بات چیت کرتے ہوئے اسانج نے کہا کہ ان کی تنظیم سے منسلک افراد کے کمپیوٹروں کو قبضے میں لینے سمیت متعدد ایسے اقدامات ہیں، جن سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وکی لیکس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔

Wikileaks Juilan Assange vor Gericht
ضمانت کے وقت عدالت کے باہر سینکڑوں افراد اسانج کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھےتصویر: Picture-Alliance/dpa

سویڈن میں دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت لندن میں گرفتار کیے جانے والے 39 سالہ اسانج جمعرات کے روز ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ اسانج نے دعویٰ کیا : ’’ہم دیکھ سکتے ہیں کہ چند افراد، جن پر صرف یہ الزام تھا کہ وہ وکی لیکس سے منسلک ہیں، انہیں حراست میں لیا گیا اور ان کے کمپیوٹروں کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔‘‘

اسانج کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو بہت سے ایسے افراد ہیں، جنہیں وکی لیکس کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، تو دوسری جانب وہ لوگ بھی وکی لیکس کے خلاف بڑھ چڑھ کر کارروائی میں حصے دار ہیں، جو ایسا کر کے اپنا کیریئر بنانا اور خود کو شہرت دلوانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر سویڈش استغاثہ پر الزام لگایا کہ ان کی طرف سے عدالت میں کسی طرح کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ ان پر جاسوسی کے الزام کے تحت مقدمہ قائم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وکی لیکس کے خلاف امریکی حکام سے بھی زیادہ سخت کارروائی بینکوں کی جانب سے کی گئی، جن کے حوالے سے حساس معلومات وکی لیکس نے شائع کی۔

Jahresrückblick international 2010 November Flash-Galerie
وکی لیکس نے چند ہفتے قبل امریکی سفارتکاروں کے خفیہ کیبلز شائع کئے تھے

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع نے ایسے الزامات کی تردید کی ہے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ حساس فوجی معلومات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار Bradley Manning نامی شخص کے ساتھ دوران حراست ناروا سلوک برتا جا رہا ہے۔ امریکہ محکمہ دفاع کے مطابق Bradley Manning کو دوران حراست تمام تر قانونی حقوق حاصل ہیں اور ان کے خلاف کوئی ناروا سلوک نہیں برتا جا رہا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں