1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: سیرینا، شراپووا، لی نا، ہیوئٹ کی پہلے راؤنڈ میں فتح

22 جون 2011

ٹینس گرینڈ سلیم ومبلڈن کے دوسرے دن پہلے راؤنڈ میں کھیلے گئے میچوں میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی کامیاب ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11h0Q
شراپووا ایک مرتبہ پھر ومبلڈن جیتنے کے لیے پر عزمتصویر: AP

دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز ومبلڈن کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ یہ میچ منگل کے روز کھیلا گیا۔ سیرینا نے اپنی حریف فرانسیسی کھلاڑی ایراواں رضائی کو چھ تین، تین ایک، چھ ایک شے شکست دی۔ ولیمز میچ میں فتح کے بعد شدت جذبات سے اشک بار ہو گئیں۔ ایک برس سے ولیمز پیر میں لگی چوٹ کے باعث ٹینس کے مقابلوں سے باہر تھیں۔ میچ جیتنے کے بعد انہوں نے کہا کہ انہیں ومبلڈن میں دوبارہ شرکت کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

Tennis Wimbledon Serena Williams 4. Juli 2009
سیرینا ولیمز ایک برس بعد ٹینس کی دنیا میں لوٹی ہیںتصویر: picture alliance / landov

دوسرے روز ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے ایک اور میچ میں سابق ومبلڈن چیمپیئن شراپووا نے اپنی ہم وطن روسی کھلاڑی کو چھ دو، چھ ایک سے باآسانی شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ چوبیس سالہ شراپووا ان دنوں خاصی اچھی فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس سال کلے کورٹ پر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اطالوی اوپن ٹائٹل جیتا، اور سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن میں بھی ان کی کارکردگی اچھی رہی۔

دوسری جانب اس سال کی فرنچ اوپن چیمپیئن چینی کھلاڑی لی نا نے بھی اپنا پہلے راؤنڈ کا میچ آسانی سے جیت لیا۔ لی نا چین سے تعلق رکھنے والی پہلی کھلاڑی ہیں جنہوں نے کوئی گرینڈ سلیم جیتا ہے۔ وہ کلے کورٹ کے بعد اب گھاس پر کھیلے جانے والے، ٹینس کے مؤقر ترین گراس کورٹ ٹورنامنٹ ومبلڈن میں بھی فرنچ اوپن جیسی کارکردگی دکھانا چاہتی ہیں۔

Li Na gewinnt die French Open 2011 FLASH-GALERIE
چینی کھلاڑی لی نا، فرنچ اوپن دو ہزار گیارہ کی فاتحتصویر: dapd

ادھر مردوں کے مقابلوں میں تیس سالہ آسٹریلوی کھلاڑی اور سابق ومبلڈن چیمپیئن لیٹن ہیوئٹ نے اپنا میچ چار سیٹس میں جیت لیا ہے۔ ہیوئٹ مختلف انجریز کے باعث ٹینس کی عالمی رینکنگ میں سوویں نمبر سے پیچھے جا چکے ہیں۔

ومبلڈن ٹورنامنٹ کا آغاز برطانوی دارالحکومت لندن میں پیر کے روز ہوا۔ یہ ٹورنامنٹ دو ہفتے جاری رہے گا۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید