1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن : آخری دِن

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی5 جولائی 2009

برطانوی شہر لندن میں ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن میں آج مردوں کا فائنل میچ راجر فیڈرر اور اینڈی راڈِک کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فیڈرر کے لئے یہ ریکارڈ ساز میچ ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/IhIA
راجر فیڈررتصویر: AP

لندن میں سالِ رواں کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا آج آخری دِن ہے۔ آخری دِن چوٹی کا مقابلہ مردوں کا فائنل میچ ہے۔ اِس کے علاوہ لڑکوں کی ومبلڈن چیمپئن شپ کے لئے فائنل میچ بھی اتوار کو ہی کھیلا جائے گا۔ اِن کے ساتھ ساتھ مِکسڈ ڈبلز بھی شیڈیول ہیں۔

خواتین ڈبلز میں بھی ولیمز سسٹرز نے اپنی حریف خواتین کھلاڑیوں کو شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔ اِس طرح وہ چوتھی مرتبہ ڈبلز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اِس بار ڈبلز میں دونوں بہنوں کی کامیابی لگاتار دوسرے سال ہے۔ گزشتہ روز ہی سیرینا ولیمز نے اپنی بہن اور دفاعی چیمپئن وینس ولیمز کو شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی تھی۔ ومبلڈن میں سنگلز اور ڈبلز میں کامیابی کے بعد بلاشبہ کہا جا سکتا ہے کہ ومبلڈن میں خواتین کے دائرے میں ولیمز سسٹرز کا مکمل راج ہے۔

آج مجوزہ مقابلوں میں شائقین کی سب سے زیادہ توجہ مردوں کے فائنل پر ہے، جس میں امریکی کھلاڑی اینڈی راڈِک پر فتح کی صورت میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر، ٹینس کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ وہ ٹینس کے مردوں کے چودہ گرینڈ سلیم ٹائیٹل جیت چکے ہیں۔ پندرہویں میں کامیابی سے فیڈرر امریکی کھلاڑی پیٹ سیمپراس کا چودہ گرینڈ سلیم ٹائیٹل جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ اِس ریکارڈ کو فیڈرر نے فرینچ اوپن میں کامیابی کے بعد برابر کردیا تھا۔

Roger Federer Mirka Vavrinec
راجر فیڈرر اپنی دوست میرکا کے ساتھتصویر: AP

اگر اعداد و شمار کے حوالے سے دیکھا جائے تو یہ سب کو معلُوم ہے کہ سوئٹزر لینڈ سے تعلُق رکھنے والے راجر فیڈرر آج کل عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔ وہ سابقہ عالمی نمبر ایک بھی تھے۔ اِس پوزیشن پر وہ کئی ماہ براجمان رہے ۔ اُن کو ہسپانوی کھلاڑی رافاعیل ندال نے دوسری پوزیشن پر دھکیلا تھا۔ ندال آج کل اَن فٹ ہیں اور اِسی باعث وہ فرینچ اوپن اور ومبلڈن میں شرکت نہیں کر سکے۔ وہ فرینچ اوپن کے گزشتہ سال کے دفاعی چیمپئن تھے۔ ومبلڈن کے ابھی تک وہی دفاعی چیمپئن ہیں۔ اتوار کی شام کو اُن کا یہ اعزاز راجر فیڈرر یا اینڈی راڈِک کو منتقل ہو جائے گا۔

Wimbledon Logo
ومبلڈن کا نشان

راجر فیڈرر صرف ستائیس سال کے ہیں اور چودہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس سمیت کُل انسٹھ مختلف بین الاقوامی سطح کے ٹائٹل وہ جیت چکے ہیں۔ سن دو ہزار نو میں وہ اب تک انتالیس میچ جیت چکے ہیں اور چھ میں اُن کو شکست ہوئی تھی۔

ومبلڈن کے مردوں کے فائنل میچ کے دوسرے کھلاڑی امریکہ سے تعلُق رکھتے ہیں۔ اینڈی راڈِک عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن پر فائز ہیں۔ وہ اب تک صرف ایک گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ اُنہوں نے بین الاقوامی نوعیت کے کُل ستائیس ٹورنامنٹ جیتے ہیں۔ سالِ رواں میں اُن کی کارکردگی کا ٹریک خاصا عمدہ ہے۔ اب تک وہ کُل انتالیس میچ اِس سال کے دوران جیت چکے ہیں۔ ہارنے والے میچوں کی تعداد آٹھ ہے۔

جُونیئر ومبلڈن یعنی لڑکوں کا فائنل میچ بھی آج ہی ہے۔ اِس میں امریکی جورڈن کاکس کو روس کے آندری کُزنٹسوو کا سامنا ہے۔ لڑکیوں کا فائنل میچ گزشتہ روز کھیلا گیا تھا، جس میں تھائی لینڈ کی Noppawan Lertcheewakarn نے فرانس کی Kristina Mladenovic کو شکست دی۔