1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ولیم اور کیتھرین رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

29 اپریل 2011

آج جمعہ کو ویسٹ مینسٹر ایبے میں ان کی شادی کی شاندار تقریب کا انعقاد ہوا۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں نے شادی کی تقریب میں حصہ لیا جبکہ لاکھوں برطانوی باشندے لندن کی سڑکوں پر شاہی خاندان کے اس جشن کی خوشیاں منا رہے ہیں

https://p.dw.com/p/116Yk
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرینتصویر: dapd

آج ویسٹ منسٹر ایبے میں غیر معمولی ہلچل اور جوش و خروش قابل دید تھا ۔ برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم اور ان کی منگیتر کیتھرین مڈلٹن کی شادی کی تقریب کے ان انوکھے لمحات میں شرکت کے لیے ہزاروں شائقین صبح پانچ بجے ہی سے لندن کے قلب میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ شہزادہ ولیم آنجہانی شہزادی ڈیانا اور ولی عہد چارلس کے بڑے بیٹے ہیں اور اُنہیں برطانوی عوام کے ساتھ ساتھ تمام دنیا دُہری محبت اور عقیدت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پرنس ولیم کی شادی کی تقریب برطانوی شاہی آداب کے مطابق منعقد ہوئی۔ پرنس ولیم بلیک لیموزین میں سوار جیسے جیسے لندن کی سڑکوں سے گزرتے ہوئے ویسٹ منسٹر ایبے کے نزدیک آرہے تھے ویسے ویسے شائقین کا جوش و خروش اور شور شرابا بڑھتا جا رہا تھا۔

Kate und William Hochzeit 29.04.2011
اس شادی میں برطانوی شاہی خاندان کی تمام معزز شخصیات نے حصہ لیاتصویر: AP

سفید عروسی لباس میں ملبوس کیتھرین مڈلٹن کی ویسٹ منسٹر ایبے آمد آج کی تقریب کا نقطہ عروج تھا۔ کلیسائی روایات کے مطابق تقریب عقد کا انعقاد گرجا گھر میں ہوا، جس کے ارد گرد ہزاروں افراد جمع تھے۔ کینٹربری کےآرچ بشپ روان ,ولیمز‘ نے پرنس ولیم اور کیتھرین مڈلٹن کے ازدراج کے بندھن کا اعلان کیا۔

دنیا بھر کے شائقین ٹیلی وژن نشریات کے ذریعے برطانوی شاہی شان و شوکت اور گلیمر کی چکا چوند سے لُطف اندوز ہورہے تھے۔ دوسری جانب لاکھوں افراد طلسماتی کہانیوں کے کرداروں کی سی حیثیت رکھنے والے دلہا اور دلہن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیتاب لندن کی سڑکوں پر کھڑے تھے۔

Flash-Galerie Kate und William Hochzeit 29.04.2011
شہزادی اور شہزادی عوام کے بیچ سے گزرتے ہوئےتصویر: dapd

پرنس ولیم اور کیتھرین مڈلٹن کی شادی کی تقریب گزشتہ 30 برسوں میں برطانیہ کے شاہی خاندان کی سب سے بڑی اور پُر تعیش تقریب تھی۔ اس تقریب میں برطانیہ کے شاہی خاندان کے پچاس افراد سمیت دنیا بھر کے مختلف شاہی خاندانوں کے درجنوں افراد شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ عالمی شہرت کی حامل متعدد معروف شخصیات مثلاً فٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم، معروف انگریز گلوکار ایلٹن جان اوراداکار رووان ایٹکنسن نے بھی ان تقریبات میں شرکت کی۔

1981ء میں شہزادہ ولیم کی آنجہانی والدہ ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی جس شان و شوکت اور مسحورکُن تقریبات کے انعقاد کے ساتھ ہوئی تھی اُس کی یادیں ابھی تک لوگوں کے اذہان میں تازہ ہیں۔

Flash-Galerie Kate und William Hochzeit 29.04.2011
ویسٹ منسٹر منعقدہ شادی کی تقریبتصویر: dapd

ولیم اور کیتھرین مڈلٹن کی شادی اُسی ماحول اور اُسی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ تاہم 1997ء میں پیرس میں ایک کار حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والی شہزادی ڈیانا کی کمی ہر لمحے محسوس کی جا رہی ہے۔ اُن کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد آج بھی نم دیدہ ہو کر انہیں یاد کر رہی ہے۔ کیتھرین مڈلٹن نے بھی اپنے ایک بیان میں ڈیانا کی تعاریف میں کہا ’مجھے اُن سے ملنے کا بہت اشتیاق تھا۔ وہ تحریک و تشویق کا منبع تھیں۔ جن سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا تھا‘۔

اُدھرشہزادہ چارلس کے مرکزی ترجمان پیڈی ہیریسن نے ایک بیان میں کہا ' ڈیانا ہمیشہ ولیم کے خیالات میں اُن کے ساتھ رہتی ہیں‘۔

لندن میں شاہی خاندان کی اس شادی کا جشن جاری ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں