1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کے دوران حملے کا منصوبہ، سراغ مل گیا

25 مارچ 2011

بین الاقوامی پولیس انٹرپول نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی ایشیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ایک دہشت گردانہ حملے کے منصوبے کا کھوج لگایا ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت میں جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/10hJM
تصویر: bdnews24.com

یہ انکشاف پیرس میں قائم انٹرنیشنل پولیس ایجنسی کے سربراہ رونلڈ کے نوبل نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستانی وزیرداخلہ رحمان ملک کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ نوبل کے مطابق: " پاکستان، سری لنکا اور مالدیپ کے تعاون سے گزشتہ ہفتے ہم ایک دہشت گرد کا کھوج لگانے اور اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔"

انٹرپول کے سربراہ کے مطابق مجرمانہ مقاصد رکھنے والے مذکورہ شخص کو پاکستانی شہر کراچی سے مالدیپ جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا، تاہم انہوں نے اس شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ نوبل نے پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:" آپ کے ملک سمیت مدد کرنے والے دیگر ممالک کا شکریہ کہ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ورلڈ کپ محفوظ رہے۔" تاہم اس حوالے سے انٹرپول کے سربراہ یا رحمان ملک کی طرف سے مزید کوئی تفصیل میڈیا کو نہیں بتائی گئی۔

Interpol Logo
پاکستان سمیت مدد کرنے والے دیگر ممالک کا شکریہ کہ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ورلڈ کپ محفوظ رہے: انٹرپول سربراہتصویر: AP

رواں ماہ کے آغاز پر بھارت کی طرف سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران دہشت گردانہ کارروائی ہوسکتی ہے، تاہم بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انہیں مصدقہ اطلاع نہیں ہے۔

سال 2009ء میں پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں دہشت گردانہ حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ سری لنکا کے چھ کھلاڑی زخمی ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے عالمی سطح پر جرائم کی بیخ کنی کی کوششوں پر انٹرپول کے کردار کو سراہا گیا ہے۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے انٹرپول کے سیکرٹری جنرل رونلڈ کے نوبل کو 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پرہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں