1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کرکٹ کے سنسنی خیز مرحلے کا آغاز

27 مارچ 2007

2007 کا کرکٹ عالمی کپ اب اپنے دوسرے یعنی سپر ایٹ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں مد مقابل ہوں گی وہ آٹھ ٹیمیں جو کہ پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے یہاں تک پہنچی ہیں۔

https://p.dw.com/p/DYMr
تصویر: AP

ان ٹیموں میں شامل ہیں سری لنکا، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیو زی لینڈ، انگلینڈ، آئر لینڈ، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش۔ پہلے مرحلے میں سری لنکا، آسٹریلیا، نیو زی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سب سے زیادہ یعنی تین تین میچ جیت کر سپر ایٹ مرحلے تک پہنچی ہیں ۔ جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور انگلینڈ نے پہلے مرحلے میں دو دو میچ جیتے تھے جب کہ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی آئرلینڈ کی ٹیم نے اپنے گروپ میچوں میں صرف ایک میچ میں فتح حاصل کی تھی۔ اس لحاظ سے سری لنکا، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور نیو زی لینڈ کی ٹیمیں پہلے مرحلے سے اپنے ساتھ دو دو پوائنٹس لے کر سپر ایٹ مرحلے میں داخل ہوئی ہیں۔ سری لنکا کی ٹیم سپر ایٹ میں اپنی اوسط 4.304 کے ساتھ سر فہرست ہے جب کہ دفائی چیمپین آسٹریلیا 1.660اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

دریں اثناءانگلینڈ کے بلے باز پیٹرسن عالمی کپ میں اپنی دو نصف سنچریوں اور 60.50کی اوسط کے بل پر عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ دوسرے نمبر ہیں۔