1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اختتام کو پہنچی

24 اگست 2009

جرمن دارالحکومت برلن میں پندرہ اگست کو شروع ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کل اتوار کو اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ اس نو روزہ چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ مقابلے تو امریکی ایتھلیٹس نے جیتے۔

https://p.dw.com/p/JGyn
تصویر: AP

تاہم دھوم جمیکا کے یُوسین بولٹ اور جنوبی افریقہ کی جواں سالہ کیسٹر سیمینیا کی مچی۔

اتوار کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے آخری روز ایتھوپیا کے ایتھلیٹ کینینی سا بیکلے نے ثابت کیا کہ وہ طویل فاصلے کی دوڑ میں ہمیشہ ہی آگے ہیں۔ انہوں نے پانچ ہزار میٹر کی ریس کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ قبل ازیں گزشتہ پیر کو دس ہزار میٹر کی ریس کا ٹائٹل بھی بیکلے نے ہی جیتا تھا۔ پانچ اور دس ہزار میٹر کی ریس کا ورلڈ ریکارڈ بھی بیکلے ہی کے پاس ہے۔

Usain Bolt Berlin Leichtathletik WM 2009
جمیکا کے یُوسین بولٹتصویر: AP

جمیکا کے ایتھلیٹ یُوسین بولٹ چیمپئن شپ کی ابتدا سے ہی بہترین فارم میں تھے۔ انہوں نے مردوں کی ایک سو میٹر کی ریس میں ورلڈ ریکارڈ بنایا اور یہ فاصلہ 9.58 سیکنڈز میں طے کیا۔ بعدازاں جمعرات کو مردوں کی دو سو میٹر ریس کا ٹائٹل جیت کر بولٹ نے اس چیمپئن شپ میں ایک اور ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ بولٹ نے کامیابیوں کے بعد کہا ہے کہ انہیں خود پر فخر ہے۔

23 سالہ بولٹ پہلے ایتھلیٹ ہیں، جو 100 اور 200 میٹر کے ورلڈ اور اولمپک ٹائٹل بیک وقت اپنے نام کئے ہوئے ہیں۔

دو سو میٹر کی ریس کے لئے امریکی ایتھلیٹ ٹائسن گے کو بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ تاہم وہ زخمی ہونے کے باعث جمعرات کے فائنل میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران پانچ روز میں دو عالمی ریکارڈ بنانا یُوسین بولٹ کے لئے اس لئے بھی اہم تھا کہ اس چیمپئن شپ کے دوران ہی گزشہ جمعہ کو انہوں نے اپنی 23 ویں سالگرہ منائی۔

Deutschland Südafrika Leichtathletik WM Caster Semenya
جنوبی افریقہ کی جواں سال کیسٹر سیمینیاتصویر: AP

جنوبی افریقہ کی 18 سالہ کیسٹر سیمینیا نے زبردست پرفارمینس کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی آٹھ سو میٹر دوڑ جیتی۔

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں امریکہ سب سے آگے رہا ہے۔ اس کے کھلاڑیوں نے سونے کے دس تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر بائیس تمغے جیتے ہیں۔ جمیکا کو سات، کینیا اور روس کو چار چار جبکہ میزبان ملک جرمنی سمیت پولینڈ، ایتھوپیا، برطانیہ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور بحرین کو سونے کے دو دو تمغے ملے ہیں۔

جرمنی کو سونے کا ایک تمغہ گزشتہ بدھ کو مردوں کی ڈسکس تھرو میں جرمن کھلاڑی رابرٹ ہارٹنگ کی فتح سے حاصل ہوا۔ ڈسکس تھرو ویسے بھی جرمنی میں انتہائی مقبول ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں