نیپال میں اپوزیشن کی احتجاجی تحریک نئے مرحلے میں
17 اپریل 2006نیپال کی اپوزیشن جماعتوںنے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ شاہ گیانیندرا کی حکومت کو ٹیکسوں اور ہر طرح کے Billsکی ادائیگی روک دیں۔ اسی طرح اپوزیشن نے بین الاقوامی امدادی اداروں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحالی جمہوریت کے لئے ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت دیتے ہوئے شاہی حکومت کی امداد روک دیں۔
دریںاثناءنیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں جاری مظاہروں کی وجہ سے تیل اور خوراک کی فراہمی میں رکاوٹیں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں دیکھنے میں آرہی ہیں۔
واضح رہے نیپال کی سڑکوں پر شاہ گیانندرا کی حکومت کے خلاف گیارہ روز سے جاری مظاہروں میں اب تک پولیس کے ساتھ تصادم میں چار افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ اگرچہ شاہ گیانندرا نے اگلے سال اپریل کے مہینے میں انتخابات کرانے کی پیشکش کی ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں نے اِسے مسترد کرتے ہوئے ان سے فوری طور پر اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔