1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کی تاریخ میں پہلی بار انٹیلی جنس سربراہ کی تقرری

مقبول ملک
22 اکتوبر 2016

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی تاریخ میں پہلی بار اس عسکری بلاک کے ایک نئے انٹیلی جنس سربراہ کی تقرری عمل میں آئی ہے۔ اس شعبے میں نیٹو کا اولین سربراہ آرنٹ فرائٹاگ فان لورِنگ ہوفن کو بنایا گیا ہے، جن کا تعلق جرمنی سے ہے۔

https://p.dw.com/p/2RYCz
Arndt Freytag von Loringhoven
نیٹو کے اولین انٹیلی جنس چیف آرنٹ فرائٹاگ فان لورِنگ ہوفنتصویر: picture-alliance/dpa/K.Michal

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے، جہا‌ں نیٹو کے صدر دفاتر قائم ہیں، جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد کے اولین انٹیلی جنس چیف مقرر کیے جانے والے فرائٹاگ فان لورِنگ ہوفن ماضی میں جرمنی کے وفاقی خفیہ ادارے کے نائب سربراہ رہ چکے ہیں۔

نیٹو کے ایک ترجمان نے ڈی پی اے کو بتایا کہ فرائٹاگ فان لورِنگ ہوفن کی یہ تقرری جمعہ اکیس اکتوبر کے روز عمل میں آئی۔ ترجمان کے مطابق اپنے فرائض کی نوعیت کے لحاظ سے انٹیلی جنس امور کے یہ جرمن ماہر نیٹو کے ’نائب سیکرٹری جنرل برائے انٹیلی جنس اور سکیورٹی امور‘ ہوں گے۔

ان کی بنیادی ذمے داری ماہرین کی ایک ایسی ٹیم کی سربراہی ہو گی، جس کا کام نیٹو کی رکن تمام 28 ریاستوں کے قومی خفیہ اداروں کی کارکردگی کو سکیورٹی نقطہ نظر سے مربوط بنانا اور ان کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کا تجزیہ کرنا ہو گا۔

نیٹو کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اولین تقرری کے ساتھ اس بلاک میں انٹیلی جنس کی سطح پر روس اور روسی خفیہ اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ نیٹو کی انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

Norwegen Oslo Gedenken Utoeya Massaker NATO Generalsekretär Stoltenberg
ناروے کے سابق وزیر اعظم اور نیٹو کے موجودہ سیکرٹری جنرل ژینس سٹولٹن برگتصویر: picture-alliance/AP Photo/Vegard Wivestad Groett/NTB

اس وقت 59 سالہ آرنٹ فرائٹاگ فان لورِنگ ہوفن چیک جمہوریہ میں جرمنی کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور پروگرام کے مطابق ان کے اس عہدے کی مدت اس سال کے آخر میں پوری ہونا ہے۔

جرمن سیکرٹ سروس بی این ڈی کے اس سابق نائب سربراہ کا اس عہدے کے لیے انتخاب نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس سٹولٹن برگ نے ذاتی طور پر کیا۔ نیٹو کے آئندہ عسکری اور سیاسی فیصلے فان لورِنگ ہوفن کی ٹیم کی سفارشات ہی کی روشنی میں کیے جائیں گے۔

نیٹو کے ترجمان کے بقول یہ تقرری اس لیے بھی ضروری تھی کہ دو درجن سے زائد ملکوں کے دفاعی اتحاد کے طور پر نیٹو ایک ایسی تنظیم ہے، جس کا اپنا کوئی خفیہ ادارہ نہیں ہے۔ فرائٹاگ فان لورِنگ ہوفن اپنی نئی ذمے داریاں سال رواں کے اختتام سے پہلے سنبھال لیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں