1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کا فضائی حملہ، چار افغان فوجی ہلاک

30 جنوری 2010

افغانستان میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب نیٹو اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان ایک جھڑپ میں کم از کم چار افغان فوجی ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔ اس واقعے میں دو عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/LnhW
وزارت دفاع کے مطابق ممکنہ طور پر یہ واقعہ غلط فہمی کے باعث پیش آیاتصویر: AP

افغان وزارت دفاع نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ یہ واقعہ تب پیش آیا جب نیٹو سپاہی رات گئے عسکریت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں نیٹو فوجیوں نے فضائی مدد بھی طلب کر لی، جس کے بعد ایک نیٹو طیارے نے ایک افغان فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ صوبے وردک کے ضلع سید آباد میں اس جھڑپ اور پھر چار افغان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کابل میں ملکی وزارت دفاع نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ وزارت دفاع نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ آیا اس واقعے میں کوئی غیر ملکی فوجی بھی ہلاک یا زخمی ہوا۔ وزارت دفاع نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو فوجی قانون کے تحت سزا دی جانی چاہئے۔

شاہد اللہ شاہد کے مطابق یقینی طور پر یہ واقعہ اطراف کے درمیان کسی غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا۔ شاہد کے مطابق اس علاقے میں افغان آرمی کی فضائی حملے کی زد میں آنے والی چیک پوسٹ ابھی حال میں میں قائم کی گئی تھی اور ممکنہ طور پر یہی اس غلط فہمی کی وجہ بھی بنی ہوگی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے سے قبل کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ کابل میں نیٹو کے فوجی ترجمان کے مطابق اتحادی افواج کی کمان اس واقعے کا جائزہ لے رہی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک