1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیویارک: سینکڑوں ہم جنس پرست شادی کے بندھن میں

25 جولائی 2011

امریکی ریاست نیویارک میں ہم جنس پرستوں کی شادی کا قانون نافذ العمل ہوگیا ہے، جس کے فوری بعد سینکڑوں ہم جنس پرست شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/122j4
تصویر: AP

نیویارک ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دینے والی امریکہ کی سب سے گنجان ریاست ہے۔ اس سے قبل امریکہ کی پانچ دیگر ریاستوں میں پہلے ہی ہم جنس پرستوں کو یہ قانونی حق حاصل تھا۔ اتوار کو شادی کرنے والے ہم جنس پرستوں میں 55 سالہ یولانڈا پوٹاسینسکی Yolanda Potasinski اور 48 سالہ نینسی مارٹزل Nancy Mertzel بھی شامل تھیں۔ یولانڈا کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنے آپ کو ’دوسرے درجے کا شہری‘ نہیں سمجھتیں۔ امریکہ بھر میں ہم جنس پرستوں کے لیے اسی حق کے حوالے سے وہ کہتی ہیں، ’’ ابھی پورے ملک میں اس سلسلے میں بہت کام کرنا باقی ہے۔‘‘

یہ دونوں خواتین گزشتہ 18 برس سے ساتھ رہ رہی تھیں مگر ان کے اس تعلق کو کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں تھا۔ واضح رہے کہ امریکہ میں وفاقی قانون کے تحت ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت حاصل نہیں۔ ریاست متحدہ ہائے امریکہ کے قانون میں شادی کو کیتھولک مسیحی عقیدے کے مطابق محض مرد و عورت کے ملاپ سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس تناظر میں البتہ چھ ریاستوں نے اپنے یہاں مقامی سطح پر ہم جنس پرستوں کے اس حق کو تسلیم کر لیا ہے۔

نیویارک میں اس قانون پر عملدرآمد کے پہلے روز محتاط اندازے کے مطابق 823 ہم جنس پرستوں نے شادیاں کیں۔ ایسا ہی ایک نوبیاہتا جوڑا ڈھلتی عمر والے فِلس سیگل Phyllis Siegel اور کونی کوپیلوف Connie Kopelov کا تھا جو صحافیوں کے سامنے اپنے جذبات پر قابو نہ پاسکے اور آنسووں سے روئے۔ ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے سرگرم حلقے نیویارک کے اس قانون پر خاصے شادمان ہیں۔

BDT Christopher Street Day
ہم جنس پرستوں کی ایک ریلی کا منظرتصویر: AP

امریکہ کی نیشنل گے اینڈ لیزبیین ٹاسک فورس نے ایک بیان میں کہا ہے، ’’ آج نیویارک میں شادی کے دروازے برابری سے کھلے ہوئے ہیں، یہ حیران کُن نہیں کہ ہم جنس پرست جوڑوں کا سیلاب اس میں سے گزرے گا۔‘‘ ٹاسک فورس کے عہدیداران کا مؤقف ہے کہ جب تک کوئی خود اُن مشکلات سے نہ گزرا ہو جن کا سامنا شادی کے خواہش مند ہم پرستوں نے کیا ہے تب تک وہ ان کی خوشی کے پیمانے کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتا۔

نئے قانون کے تحت ہم جنس پرست جوڑوں کو روایتی میاں بیوی کی طرح جائداد اور صحت سے متعلق معاملات میں فیصلہ سازی کے لیے قانونی تحفظ مل گیا ہے۔ نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو Andrew Cuomo نے اتوار 24 جولائی کو ریاست کی تاریخ میں ایک اہم دن قرار دیا ہے، ’’ یہ ہماری ریاست میں تمام باشندوں کے لیے برابری کے عزم کا فخریہ مظاہرہ ہے۔‘‘ گورنر کیومو نے اس قانون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوششیں کرنے والوں کے اعزاز میں ایک ضیافت کا بھی اہتمام کر رکھا تھا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید