1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیویارک: تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، ایک ہلاک بیس زخمی

عابد حسین
18 مئی 2017

امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں ایک موٹر گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔ اس حادثے میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے جبکہ بیس افراد زخمی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2dCTO
US New York - Auto rast in Fußgänger - Time Square
تصویر: Reuters/M. Segar

امریکی شہر نیویارک کے سکیورٹی حکام نے حادثے کے علاقے کا مکمل محاصرہ کر کے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔ ابھی تک اس کا تعین نہیں ہو سکا ہے کہ گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھانے کا عمل دانستہ تھا یا غیر دانستہ۔ شہری انتظامیہ یا پولیس حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن حکام کے مطابق سکیورٹی اور خفیہ اداروں کے اہلکار دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کر رہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو صرف اتنا بتایا ہے کہ بظاہر یہ ایک کار حادثہ محسوس ہوتا ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق جس جگہ فٹ پاتھ پر موٹرگاڑی نے پیدل چلنے والوں کو نشانہ بنایا وہاں لوگوں کے بکھرے ہوئے جوتے اور خون کے دھبے دیکھے گئے ہیں۔ زخمی ہونے والے بیس افراد کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر پولیس کی ایک بڑی تعداد، ایمبولینسیں اور محکمہ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی پہنچ چکا ہے۔

US New York - Auto rast in Fußgänger - Time Square
حادثے میں ایک ہلاک اور بیس زخمی ہوئے ہیںتصویر: Reuters/J. Schultz

 سرخ رنگ کی گاڑی میں سے ڈرائیور کو نکال لیا گیا ہے اور مقامی میڈیا کے مطابق اُسے پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے اُس کا الکوحل ٹیسٹ بھی لیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر کار انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ چلائی جا رہی تھی۔

نیویارک سٹی میں ٹائمز اسکوائر سیاحوں کا ایک پسندیدہ مقام تصور کیا جاتا ہے۔ اس جگہ کئی شاپنگ مالز بھی ہیں اور یہ سیاحوں کی خریداری کی من پسند جگہ بھی ہے۔ ٹائمز اسکوائر نیویارک شہر کے مصروف علاقے مین ہٹن کے تھیئٹرز ڈسٹرکٹ کے قرب میں واقع ہے۔