1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ نے دوسرے میچ میں پاکستان کو ہرا دیا

7 نومبر 2009

نیوزی لینڈ نے ابوظہبی میں جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے دی ہے، جس کے بعد تین میچوں پر مشتمل یہ سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/KQST
تصویر: AP

نیوزی لینڈ کی جیت میں اوپنر بیٹس مین برینڈن میکلم اور فاسٹ بولر اسکاٹ اسٹائرس نےا ہم کردار ادا کیا۔ کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لئے 304 رنز کا ہدف دیا۔

میکلم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 131رنز بنائے۔ انہوں نے ایک سو انتیس گیندوں کا سامنا کیا، اس دوران چودہ چوکے اور تین چھکے بھی لگائے۔ انہوں نے اپنی سینچری ایک سو سات گیندوں پر مکمل کی۔

پاکستان ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہا اور اڑتالیسویں اوور کے آغاز پر پوری ٹیم 239 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ اسکاٹ اسٹائرس نے تین وکٹیں گرائیں۔ پاکستان کی جانب سے سلمان بٹ نے انسٹھ اور خالد لطیف نے پینتالیس رنز کے ساتھ ایک اچھا اسٹارٹ دیا اور سولہ اوورز میں ستتر رنز بنائے۔

میڈل آرڈر بیٹس مین اسٹائرس کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور پاکستان نے دس رنز کے عوض ہی چار وکٹیں کھو دیں۔ ان میں یونس انیس پر، شاہد آفریدی صفر پر اورکامران اکمل چار پر آؤٹ ہوئے جبکہ اسی دوران سلمان بٹ بھی رن آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت تک پاکستان پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چونتیس پر تھا۔ کیویز کے کپتان ڈانئیل ویٹوری نےخالد لطیف اور محمد یوسف کی وکٹ لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا فائنل نو نومبر کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ