1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیا سال: کھیلوں کا نیا رنگ ڈھنگ

27 دسمبر 2009

رواں سال کے اختتام میں اب دو چار دن باقی ہیں اور کھیل کی دنیا کے کھلاڑیوں اور شائقین کی تمام تر توجہ اب اگلے سال پر مرکوز ہو گئی ہے

https://p.dw.com/p/LDmk
تصویر: picture-alliance/ dpa

اگلے سال کے دوران سب سے اہم تو جرمنی کے تاریخ ساز ڈرائیور مشاعیل شو ماخر کی واپسی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ امکانی طور پر وہ جنوری میں اپنے تمام میڈیکل ٹیسٹ سے فارغ ہو جائیں گے اور اُن کے فارمولا ون مقابلوں میں شرکت کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ اُن کو اگلے دو تین ہفتوں میں گردن کی چوٹ سے مکمل نجات پانا ضروری ہے۔ یہ چوٹ اُن کو کچھ برس قبل سپین میں موٹر سائیکل پر سواری کے دوران گرنے سے لگی تھی۔ جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز کے ساتھ اُن کے معاہدے کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ اب شوماخر کا مکمل فٹ ہونا باقی ہے۔

Australien Cricket Meisterschaft Neuseeland
آسٹریلوی ٹیم کی نظریں پاکستان کو ٹیسٹ سیریز ہراکر رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر کرنے پر ہیں۔تصویر: AP

کرکٹ میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کے علاوہ ایک روزہ میچوں کا خاص طور پر پاکستانی کرکٹ کے شائقین کو انتظار ہے۔ اسی طرح کرکٹ میں عالمی سطح پر انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دو میچ اگلے سال جنوری میں شیڈول ہیں۔

عالمی کرکٹ میں ٹیموں کی درجہ بندی پر بھی نظریں ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیریز میں ہرانے پر آسٹریلیوی ٹیم ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنا سکتی ہے۔ جنوبی افریقہ اگر انگلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہو گیا تو وہ بھارت کی جگہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر فائز ہو جائے گا۔ کرکٹ ہی میں بنگلہ دیش میں بھارت، سری لنکا اور میزبان ملک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹورنامنٹ جنوری میں شیڈول ہے۔

Turin 2006 - Deutsche Fans
سرمائی کھیل جرمنی میں خاصے مشہور ہیں۔تصویر: picture-alliance/dpa

موسم سرما کی کھیلوں میں سرمائی کھیلوں کے نگران ادارے نے مختلف یورپی ملکوں میں ایک ایک روزہ عالمی مقابلوں کا اہتمام کر رکھا ہے۔ اِس میں ایک یورپی ملک کروشیا کے دارالحکومت زگرب میں الپائن سکینگ میں خواتین کے مقابلوں کا ایک روزہ عالمی کپ خاصی دلچسپی کا حامل ہے۔ ایسے ہی مردوں کے مقابلے سوئٹزر لینڈ میں ہوں گے۔ سرمائی کھیلوں میں جرمنی برف پر کھیلی جانے والی سپورٹس کا ایک مشہور پاور ہاؤس تصور کیا جاتا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ زگرب اور دوسرے شہروں میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں جرمن ایتھلیٹس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ موسم سرما کے کھیلوں کے سرمائی اولمپکس بھی اگلے سال فروری کے ماہ میں کینیڈا کے شہر وینکوور میں منعقد ہوں گے۔ اس کے لئے یورپی ملکوں کی جانب سے اپنے اپنے سکواڈ کا اعلان سامنے آنے لگا ہے۔

Rally Dakar
ڈاکار ریلی اس بار چلی اور ارجنٹائن میں منعقد ہوگی۔تصویر: AP

ٹینس کھیل کے مختلف ٹورنامنٹس کا سلسلہ چار جنوری سے شروع ہو جائے گا۔ آسٹریلوی شہر برزبین کے علاوہ بھارتی شہرم چنئی اور خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوہا کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے آک لینڈ شہر میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ جنوری میں ٹینس کا سب سے بڑا میلہ آسٹریلیئن اوپن ہوتا ہے جس کا انعقاد میلبورن شہر میں کیا جاتا ہے۔ اِس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کی خاص بات سابقہ عالمی نمبر ایک جسٹن ہینن کی شرکت ہے۔

اِن کھیلوں کے علاوہ فٹ بال، گالف، موٹر سائیکل فارمولا ون، سائکلنگ کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ موٹر کار مقابلوں کی عالمی شہرت کی حامل ڈاکار ریلی کی ابتدا بھی ہے۔ افریقی ملک سینیگال میں سیکیورٹی کی مخدوش صورت حال کے تناظر میں یہ ریس اب ارجنٹائن اور چلی میں شیڈول ہے۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : شادی خان