1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوجوان بیٹی کی گاڑی کی ڈگی میں نوزائیدہ بچے کی لاش

مقبول ملک12 نومبر 2015

جنوبی جرمن صوبے باویریا کے ایک چھوٹے سے شہر میں ایک شہری اس وقت بالکل ہکا بکا رہ گیا جب اسے اپنی نوجوان بیٹی کی گاڑی کی ڈگی میں سے پلاسٹک کے ایک تھیلے میں بند ایک نوزائیدہ بچے کی لاش ملی۔

https://p.dw.com/p/1H4gn
Wohnhaus Bamberg Bayern Razzia wegen Rechtsextremismus Polizei
تصویر: picture-alliance/dpa/Ch.Herse

باویریا کے Landshut نامی اس شہر کی آبادی صرف 65 ہزار ہے، جہاں جمعرات بارہ نومبر کے روز صوبائی پولیس نے بتایا کہ اس لاش کے بارے میں چھان بین شروع کر دی گئی ہے اور بدھ کی رات کیے گئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد سب سے زیادہ شبہ اس نوجوان لڑکی پر کیا جا رہا ہے، جس کی گاڑی کی ڈگی سے یہ لاش برآمد ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ اس واقعے میں مرکزی مشتبہ ملزمہ اسی شخص کی اپنی بیٹی ہے، جس نے گاڑی کی ڈگی سے پلاسٹک کے تھیلے میں بند یہ لاش حادثاتی طور پر دریافت کی۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ اس نوجوان خاتون کی عمر 22 برس ہے اور حکام کو یقین کی حد تک شبہ ہے کہ وہ حاملہ تھی لیکن اس نے یہ بات اپنے گھر والوں سے چھپا رکھی تھی۔

تفتیشی ماہرین نے مزید بتایا کہ اس خاتون نے اپنے بچے کو ممکنہ طور پر جمعہ چھ نومبر کے روز جنم دینے کے کچھ ہی دیر بعد خود ہی قتل کر دیا تھا۔ ملزمہ کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا اور ریاستی دفتر استغاثہ کو قتل کے الزام میں اس کے وارنٹ جاری کیے جانے کی درخواست کر دی گئی ہے۔

یہ نہیں بتایا گیا کہ پیدائش کے فوراﹰ بعد قتل کر دیا جانے والا یہ بچہ لڑکا تھا یا لڑکی۔