1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نقل کے لئے عقل کی نہیں فون کی ضرورت

25 جون 2009

ایک تحقیقی سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکہ میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد جدید موبائل فونز اور انٹرنیٹ کو امتحانات میں نقل کے لئے استعمال کرتی ہے۔

https://p.dw.com/p/Ib2d
امریکی نوجوانوں کی بڑی تعداد امتحانات میں نقل کے لئے فون کا استعمال کرتی ہےتصویر: dpa

کامن سینس میڈیا پول نامی اس سروے میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں نصف سے زیادہ نوجوانوں نے تسلیم کیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ کو امتحانات میں چیٹنگ کے لئے استعمال کرتے ہیں جبکہ ہر تیسرا نوجوان موبائل فون کو اسی مقصد کے لئے استعمال کرتا ہے۔ پینسٹھ فیصد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کو موبائل یا انٹرنیٹ کے ذریعے نقل کرتے دیکھا ہے۔

اس سروے میں یہ بتایا گیا ہے کہ غیر شعوری طور پر موبائل اور انٹرنیٹ ٹیکنالوجی معاشرے پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے نوجوان بآسانی امتحانات میں بڑے بڑے نوٹس کو اپنے موبائل فونز پر ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں اور امتحان گاہ میں ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اس رپورٹ کا اختتامیہ جملہ ہے ’’ڈیجیٹل زندگی فطری طور پر ایسے امکانات لئے ہوئے ہے،جن کی بدولت کسی صارف کو پکڑا نہیں جا سکتا‘‘۔

موبائل ٹیکنالوجی کا ایک استعمال یہ بھی ہے کہ کمرہء امتحان میں بیٹھے طالب علم ایک دوسرے کو ایس ایم ایس پیغامات کے ذریعے جوابات کی ترسیل کرتے رہتے ہیں۔

Haupt-Pressezentrum in Peking - Olympische Spiele 08
’’ڈیجیٹل زندگی فطری طور پر ایسے امکانات لئے ہوئے ہے،جن کی بدولت کسی صارف کو پکڑا نہیں جا سکتاتصویر: AP

سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی طالب علموں کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے، جن کے ساتھی اگر صبح کوئی کلاس لیتے ہیں تو وہ بعد میں وہی کلاس اٹینڈ کرنے والے دوستوں کو پہلے سے تصویری اور تحریری اعانت فراہم کر دیتے ہیں۔

سروے میں چھتیس فیصد ایسے نوجوانوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن کی نگاہ میں انٹرنیٹ سے مضامین کو ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے اسائنمنٹس میں شامل کر دینے میں کوئی حرج نہیں۔ تاہم سروے میں ایسے امریکی نوجوانوں کی تعداد تقریباً پچاس فیصد بتائی گئی ہے، جنہیں کم از کم یہ علم ضرور ہے کہ ایسا کرنا غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔

اس سروے رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ہر چار میں سے ایک امریکی نوجوان نوٹس کو موبائل میں ذخیرہ کرنے اور امتحانات میں اسے استعمال کرنے کو قابل اعتراض تک نہیں سمجھتا۔

سولہ فیصد نوجوانوں کی نظر میں امتحانات میں کسی دوست کی مدد کرنا غلط جب کہ قریباً پچاس فیصد طلبہ کی نگاہ میں یہ بالکل درست عمل ہے کیونکہ اس طرح وہ اپنے دوستوں کی مدد کرتے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی