1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نسل پرستی کے خلاف عالمی کانفرنس، قرارداد منظور

21 اپریل 2009

منگل کے روز اقوام ِ متحدہ نے نسل پرستی کے خلاف کانفرنس میں عدم برداشت اور نسل پرستی کے خلاف ایک قرارداد منظور کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/HbWm
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے افتتاحی سیشن کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیاتصویر: AP

کینیا کے اٹارنی جنرل اور اجلاس کے صدر ایموس واکو نے نسل پرستی کے خلاف قرارداد کی منظوری کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اگر بین الاقوامی برادری مثبت طریقے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرے تو بہت سے متنازعہ مسائل پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔

Proteste Ahmadinejad Antirassismus Konferenz in Genf
ایک نوجوان احتجاج کے طور پر جوکر کے روپ میں ایرانی صدر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئےتصویر: AP

اجلاس میں شریک مندوبین نے منگل کے روز بھی ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی اسرائیل مخالف تقریر پر تنقید کی اور کہا کہ یہ احمدی نژاد کی تقریر ہی تھی جس نے کانفرنس کے شرکاء کے عزم کو اس حد تک بلند کیا کہ پروگرام کے مطابق جمعہ کے روز منظور کی جانے والی دستاویز منگل کے روز ہی منظور کرلی گئی۔

اس کانفرنس میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں اسرائیلی حکومت کو نسل پرستانہ سوچ کی حامل قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقے پر اسرائیلی قبضہ ناجائز اور نسل پرستانہ ہے۔ احمدی نژاد کے اس بیان کو اقوام ِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے علاوہ مغربی ممالک کی طرف سے بھی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اجلاس میں موجود متعدد مغربی ملکوں کے مندوبین واک آؤٹ کرگئے تھے۔

یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک چیک جمہوریہ نے بھی اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا تاہم دیگر ممالک کی طرح اس کے مندوب نے اجلاس میں دوبارہ شرکت نہیں کی اور ایرانی صدر کے بیان کو توہین آمیز قراردیا۔

Mahmoud Ahmadinejad Antirassismus Konferenz in Genf
ایرانی صدر نے اسرائیلی حکومت کو نسل پرست قرار دیا تھاتصویر: AP

جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک اور امریکہ نے صدر احمدی نژاد کی اس کانفرنس میں شمولیت پر اس اجتماع کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔ برطانیہ، فرانس اور بیلجیئم البتہ اس اجلاس میں شریک ہیں۔

اس سے قبل اقوامِ متحدہ کی ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے نسل پرستی کے خلاف عالمی ادارے کی کانفرنس میں اپنی تقریر کے ہولوکاسٹ کی نفی سے متعلق حصے حذف کردیےتھے۔ اس ترجمان کے مطابق صدر احمدی نژاد کی انگریزی میں تقریر میں یہ الفاظ موجود تھے کہ مغرب نے ہولوکاسٹ کے مبہم واقعات کو استعمال کرکے عرب سرزمین پراسرائیلی ریاست قائم کی، تاہم گزشتہ روز کانفرنس میں کی جانے والی فارسی میں اپنی تقریر میں انہوں نے یہ جملہ نکال دیا۔

Antirassismus Konferenz in Genf
امریکہ سمیت کئی ممالک نے کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلاب کیا تھاتصویر: AP

ایرانی صدر کے جنیوا کانفرنس سے خطاب کے بعد مغربی ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات ابتر ہوگئے ہیں اور کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ صدر احمدی نژاد کی تقریر کو بہانہ بنا کر اسرائیل اگر ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرنے کا سوچتا ہے تو ایران اس کا سخت جواب دے گا۔

گذشتہ روز یروشلم میں ’ہولو کاسٹ میموریل ڈے‘ کے موقع پر اسرئیلی وزیرِ اعظم بین یامین نیتن یاہو نے بھی ایرانی صدر کی تقریر پر کڑی تنقید کی۔ اسرائیل نسل پرستی کے خلاف اس عالمی کانفرنس میں ایرانی صدر کے مدعو کئے جانے پر سوئٹزرلینڈ سے اپنے سفیر کو بھی احتجاجا واپس بلا چکا ہے۔

رپورٹ : شامل شمس

ادارت : مقبول ملک