1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناگپور ٹیسٹ کا پہلا روز

6 نومبر 2008

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی چارٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے پہلے دن کے اختتام تک بھارت نے پانچ وکٹوں کے نقصان پرتین سو گیارہ رنز بنالئے۔

https://p.dw.com/p/FoZv
بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر میچ کی پہلی اننگ میں سنچری کرنے میں کامیاب رہےتصویر: AP

ناگپور کے ودھاربا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بھارتی اوپننگ جوڑی ونندر سہواگ اور Murali Vijay نے اس فیصلے کو درست ثابت کیا، دونوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور کینگرو باؤلروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے اچھی شراکت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 98 تک پہنچا دیا۔

کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل واٹسن نے Murali Vijay کو ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، وجے نے اپنے ڈبیو میچ میں تینتیس رنز بنائے۔ تاہم ان کے بعد آنے والے راہول ڈریوڈ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔

116 رنز کے مجموعی اسکور پر کریجزا نے سہواگ کو آوٴٹ کر کے بھارتی بیٹنگ لائن پر پریشر ڈال دیا، سہواگ چھیاسٹھ کے انفرادی اسکور پر آوٴٹ ہوئے، انہوں نے نو چوکے اور ایک چھکا مارا۔ اس کے بعد ٹنڈولکر اور لکشمن نے ذمہ درانہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسرے سیشن میں اسکور میں مجموعی طور پر چھیاسی رنز کا اضا فہ کیا اور اسکور دو سو دو تک پہنچا دیا۔

چائے کے وقفے کے بعد دو سو باسٹھ کے مجموعی اسکور پر بھارت کو چوتھا نقصان لکشمن کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل ٹنڈولکر بھی اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔ اس طرح بھارت نے پہلے روز پانچ وکٹوں کے نقصان پر تین سو گیارہ رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے سب سے کامیاب بیٹسمین ٹنڈولکر رہے جنہوں نے ایک سو نو رنز بنائے جبکہ سہواگ چھیاسٹھ اور لکشمن چونسٹھ رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کریجزا نے تین جبکہ واٹسن اور جانسن ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔