1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال ومبلڈن نہیں کھیلیں گے

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: کشور مصطفیٰ20 جون 2009

دفاعی چیمپیئن رافائل نادال نے بائیس جون سے شروع ہونے والے ٹینس گرینڈ سلیم ومبلڈن سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ نادال کافی عرصے سے گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

https://p.dw.com/p/IVAd
نادال کہہ چکے تھے کہ اگر وہ سہ فیصد فٹ نہیں ہوں گے تو ومبلڈن میں حصّہ نہیں لیں گےتصویر: AP


Australian Open Rafael Nadal und Roger Federer Einzel Männer
نادال نے گزشتہ برس ومبلڈن کے سب سے طویل فائنل میں سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر کو پانچ سیٹس میں شکست دے کر اپنا پہلا ومبلڈن جیتا تھاتصویر: AP


اس سے قبل عالمی نمبر ایک ہسپانوی ٹینس کھلاڑی نادال نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ ومبلڈن میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے اپنی فٹنیس کو پرکھنے کے لیے جمعرات کے روز دو نمائشی میچوں میں بھی حصّہ لیا اور وہ یہ دونوں میچ ہار گئے۔ نادال کے مطابق گھٹنے کی تکلیف اتنی شدید نہیں ہے تاہم میچ کھیلتے وقت ان کی توجّہ گھٹنے کی تکلیف کی طرف رہتی ہے جس سے ان کا کھیل متاثر ہوتا ہے۔

رافائل نادال کا کہنا ہے کہ وہ ٹینس مقابلوں میں جسمانی اور دماغی طور پر سو فیصد فٹنیس کے ساتھ واپس آنا چاہتے ہیں۔

Olympia, Tennis Olympiasieger Rafael Nadal, freies Bildformat
کیا نادال اسی فارم میں واپس آ سکیں گے جس کا مظاہرہ انہوں نے گزشتہ برس کیا تھا؟تصویر: AP


یاد رہے کہ نادال نے گزشتہ برس ومبلڈن کے سب سے طویل فائنل میں سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر کو پانچ سیٹس میں شکست دے کر اپنا پہلا ومبلڈن جیتا تھا۔ اس برس نادال اپنے فرنچ اوپن ٹائٹل کا بھی دفاع نہیں کرسکے اور چوتھے راؤنڈ میں رابن سوڈرلنگ سے ہار گئے۔ راجر فیڈرر فرنچ اوپن جیت کر چاروں گرینڈ سلیمس جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے اور انہوں نے پیٹ سمپراس کا چودہ گرینڈ سلیمس جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

تاہم تئیس سالہ عالمی نمبر ایک نادال کا کہنا ہے کہ گھٹنے کی چوٹ ایسی نہیں جس سے ان کا کیرئیر متاثر ہو اور وہ جلد ہی مکمل فٹ ہو کر میدان میں واپس آئیں گے۔ انہوں نے ومبلڈن شائقین سے بھی معذرت کی کہ وہ یہ ٹورنامنٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں حصّہ لینے کی پوری کوشش کی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں