1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو میں بچوں کی دیکھ بھال کے مرکز میں آتشزدگی، 38 بچے ہلاک

6 جون 2009

میکسیکو میں سرکاری سرپرستی میں چلنے والے بچوں کی دیکھ بھال کے مرکز میں آتشزدگی سے کم از کم 38 کم عمر بچے ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/I4ZL
آتشزدگی کا شکار انتہائی کم عمر بچے ہوئے

حکام کے مطابق میکسیکو کی ریاست سونورا کے شہر ہارموسیلو میں قائم اے بی سی نامی بچوں کا یہ مرکز آگ لگنے کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ آتشزدگی کے وقت مرکز میں تقریبا 175 بچے موجود تھے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ بچوں کی دیکھ بھال کے اس مرکز کے قریب واقع ٹائروں کے ڈپو میں لگی تھی جس میں آتش گیر کیمیکل بھی موجود تھے۔ بعد ازاں آگ نے اس مرکز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جھلسے ہوئے اور دھوئیں کے باعث بے ہوش ہو جانے والے درجنوں بچوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

سنورا کے پراسیکیوٹر آفس کے ترجمان جوز لاریناگا کے مطابق : ’’ ہم ابھی تک یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آگ کس وجہ سے لگی۔‘‘

مقامی میڈیا کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلتی چلی گئی کہ بچوں کو مرکز سے نکالنے کا کوئی موقع نہ مل سکا۔

میکسیکو کے صدر Felipe Calderon نے اس وقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ یہ مرکز میکسیکو کی سرکاری سوشل سروسز کی زیر نگرانی کام کر رہا تھا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ آگ بجھانے والے عملے کو سینڑ کی کئی دیواریں توڑ کر بچوں کو عمارت سے نکالنا پڑا۔

اس مرکز میں چھ ماہ سے پانچ سال تک کے بچے موجود تھے۔ مقامی میڈیا پر مبصرین یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ ایسے حساس مرکز کے اتنے قریب آتش گیر مواد سے بھرے ڈپو کی اجازت کیسے دے گئی۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت عاطف بلوچ