1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو میں ایک سابقہ کان سے 55لاشیں برآمد

8 جون 2010

میکسیکو کے حکام نے کہا ہے کہ ملک کےشمالی علاقے ٹاسکو میں واقع ایک سابقہ کان سے55 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ منشیات کےاسمگلروں نے اس کان کو اجتماعی قبر کے طور پر استعمال کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NkNz
تصویر: AP

گیریرو نامی صوبے میں واقع چاندی کی اس کان میں پہلی مرتبہ مئی کے مہینے میں انسانی باقیات ملی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ اس کان میں لاشیں پھینکنے کا سلسلہ ایک لمبے عرصے تک جاری رہا ہے۔ ابھی تک صرف چھ لاشوں کی شناخت ممکن ہو سکی ہے، جن میں سے ایک لاش مقامی جیل کے ایک ڈائریکٹرکی ہے۔

مقامی پولیس نے کہا ہے کہ وہ علاقے میں موجود دیگر کانوں کی بھی تلاشی لے رہیں ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ کہیں کسی دوسری کان میں بھی لاشوں کو پھینکا گیا ہے یا نہیں۔

مقامی پولیس اور دیگرامددی عملہ لاشوں کو نکالنے کے لئے انتہائی جدید آلے استعمال کر رہے ہیں۔ اسی دوران وہ تصویریں اورڈی این اے نمونے بھی لیتے جا رہے ہیں تاکہ ان کی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔

Labin Mine heute
پولیس کے مطابق سابقہ کان میں لاشیں پھینکنے کا سلسلہ ایک عرصے تک جاری رہاتصویر: LAE

پولیس کے مطابق کچھ لاشوں پر مخصوص ٹیٹو ’نشانات‘ پائے گئے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ منشیات کے اسمگلروں کےایک مخصوص گروہ کا حصہ تھے۔ اطلاعات کے مطابق اس قدر زیادہ لاشوں کے برآمد ہونے کے نتیجے میں علاقے میں قائم مردہ خانوں میں جگہ تھوڑی پر گئی ہے۔

گیریرو منشیات اسمگلروں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں پرتشدد واقعات کا ایک تسلسل دیکھنے میں آتا ہے۔ میکسیکو میں سن دو ہزار چھ سے لے کر اب تک کوئی بائیس ہزار افراد ایسے پرتشدد واقعات کی نذر ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق