1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میونخ میں چاقو سے حملہ، ایک ہلاک تین زخمی

عدنان اسحاق10 مئی 2016

جنوبی جرمن شہر میونخ میں ایک نوجوان نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں مزید تین افراد زخمی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IkvR
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Gebert

صوبہ باویریا کے حکام نے بتایا کہ یہ حملہ میونخ شہر کے گرافنگ نامی ریلوے اسٹیشن پر کیا گیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی عمر پچاس سال کے لگ بھگ ہے اور وہ تھوڑی ہی دیر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ دیگر زخمی ہونے والوں کی عمریں 43,55 اور 58 سال ہیں۔

پولیس کی رپورٹ کے مطابق ستائیس سالہ ایک نوجوان نے صبح پانچ بجے کے لگ بھگ چار افراد کو زخمی کر دیا۔ حملہ آور کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ جرمن شہری ہے۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔

Deutschland Messerattacke am Grafinger Bahnhof
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Gebert

تفتیشی حکام فوری طور پر اس واقعے کے محرکات بتانے سے قاصر ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس حملے کے پیچھے سیاسی مقاصد بھی ہو سکتے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور اللہ اکبر کے نعرے بلند کر رہا تھا۔ تاہم اس بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔ ابھی تک اس بارے میں زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور حکام مبینہ ملزم کی شناخت کے بارے میں جاننے کی کوششوں میں ہیں۔ دفتر استغاثہ نے اس بارے میں خبروں پر فوری طور پر پاندی عائد کر دی ہے۔

اس واقعے کے فوری بعد شہر بھر میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور شہر کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں اور عوامی مقامات پر پولیس کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے دیگر تین شہریوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔