1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مینگورہ آپریشن، سات سے دس دن لگ سکتے ہیں: پاکستانی فوج

25 مئی 2009

پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق مینگورہ سے طالبان کی مکمل طور پر بے دخلی میں سات سے دس دن لگ سکتے ہیں۔ تحریک طالبان کے ترجمان کے مطابق طالبان کو سیکیورٹی فورسز کو نشانہ نہ بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Hx6T
پاکستانی فوج کے مطابق آپریشن سات سے دس روز تک مکمل کر لیا جائے گاتصویر: AP

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس کا کہنا ہے کہ فوج مینگورہ کی گلی گلی میں لڑائی میں مصروف ہے جب کے گھروں اور عمارتوں کی تلاشی کا کام بھی جاری ہے۔

میجر جنرل اطہر عباس کے مطابق پاکستانی فوج مینگورہ شہر کی طرف جانے والی ایک اہم شاہراہ پر کنٹرول سنبھال چکی ہے اور اندرون شہر پانچ میں سے تین اہم چوراہوں پر بھی فوج نے قبضہ کر لیا ہے۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے اور مینگورہ شہر سے عسکریت پسندوں کے مکمل صفایا کرنے کے عمل میں سات سے دس روز لگ سکتے ہیں۔

Pakistan Flash-Galerie
فوجی آپریشن کے باعث لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہےتصویر: AP

سوات امن معاہدے کے خاتمے کے بعد رواں ماہ کے آغاز سے فوجی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے فوج کو مختصر معیاد میں آپریشن مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک سیکنڑوں افراد ہلاک جب کے لاکھوں شہری محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔

فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والی جھڑپوں میں پانچ عسکریت پسند ہلاک جب کہ 14 کو گرفتار کر لیا گیا۔

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں آہستگی کی وجہ علاقے میں تاحال پھنسے ہوئے بیس ہزار کے قریب شہری ہیں اور فوج شہریوں کی ہلاکتوں سے بچنے کے لئے احتیاط سے کام لے رہی ہے۔

میجر جنرل اطہر عباس کے مطابق ’’فوج کو ہر گھر اور ہر گلی کی تلاشی لینی ہے۔ ہر عمارت کا جائزہ لینا ہے کہ کہیں وہاں کوئی دھماکہ خیز یا بارودی سرنگ نہ ہو۔ اس میں وقت لگ سکتا ہے۔‘‘

صحافیوں اور خبر رساں اداروں کی متاثرہ علاقے تک رسائی نہیں لہذا آزاد ذرائع سے اب تک ان فوجی دعووں کی تصدیق یا تردید نہیں ہو پائی۔

عاطف توقیر / عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں