1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میری زندگی بدل گئی ہے، ماسٹر اسلم

عاطف بلوچ12 اپریل 2016

کراچی کے رہائشی ماسٹر اسلم کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والی ان کی آواز ایک تہلکہ مچا دے گی، جس کی وجہ سے ان کی زندگی کی مشکلات میں کچھ کمی آ سکے گی۔

https://p.dw.com/p/1ITut
Pakistan Master Aslam
تصویر: privat

[No title]

کراچی کے رہائشی ماسٹر اسلم کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والی ان کی آواز ایک تہلکہ مچا دے گی، جس کی وجہ سے ان کی زندگی کی مشکلات میں کچھ کمی آ سکے گی۔

محنت مزدروی کر کے اپنے کبنے کی کفالت کرنے والے ماسٹر اسلم نے موسیقی کی کوئی باقاعدہ تعلیم تو حاصل نہیں کی ہے لیکن ان کی آواز میں وہ جادو ہے جو سننے والوں کو اپنے سحر میں لے لیتا ہے۔ بڑے غلام علی خان کی گائی ہوئی ایک ٹھمری ’یاد پیا کی آئے‘ حال ہی میں ان کی آواز میں سوشل میڈٰیا پر گردش کرتی رہی۔ اس کو اتنی زیادہ پذیرائی ملی کہ اسلم کہتے ہیں کہ ان کی زندگی ہی بدل کر رہ گئی ہے۔


ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے ماسٹر اسلم نے اپنے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ اتنے مشہور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور کام کاج میں اتنے مصروف رہے کہ وہ موسیقی کو وقت نہ دے سکے۔ لیکن یہ الگ بات کہ انہوں نے اس فن سے رشتہ کبھی نہ توڑا۔


ماسٹر اسلم نے بتایا کہ وہ اقتصادی ہجرت کرتے ہوئے حیدر آباد سے کراچی منتقل ہوئے، جہاں وہ مختلف قسم کے کام کرتے رہے۔ جب انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے کی ٹھانی تو ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ وہ بتاتے ہیں کہ تب انہوں نے اپنے کنبے کی خاطر اپنے شوق کو خیرباد کہہ کر رکشہ چلانا شروع کر دیا۔

سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے ماسٹر اسلم کے کلپ نے عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلو کارہ لتا منگیشکر کی توجہ بھی حاصل کی اور انہوں نے بھی اس بارے میں اپنی رائے دی۔ لتا نے اس کلپ کو اپنے فیس بک پیچ پر شیئر بھی کیا۔ اس پر ماسٹر اسلم کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی خوش بھی ہیں اور حیران بھی کہ لتا جیسی گلوکارہ نے ان کے بارے میں اچھی رائے دی ہے۔

Pakistan Master Aslam
تصویر: privat


ماسٹر اسلم نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اب مشہور ہونے کے بعد انہیں کچھ میڈیا گھروں نے ملازمت کی دعوت دی ہے۔ وہ بہت خوش ہیں۔ ان کی زندگی کی مشکلات دور ہوتی نظر آ رہی ہیں۔