1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی استعفے کی پیشکش

1 دسمبر 2008

بھارت کے وزیر داخلہ اور قومی سلامتی کے مشیر کے بعد اب ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے بھی مستعفی ہونے کی پیشکش کی ہے۔

https://p.dw.com/p/G6nF
ولاسراؤ دیش مکھ نے مستعفی ہونے کی پیشکش کی ہے۔تصویر: AP

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ولاسراؤ دیش مکھ کا تعلق حکمران جماعت کانگریس سے ہے اور بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی پر دہشتگردانہ حملوں کے بعد مقامی میڈیا میں بھارتی قیادت اور خفیہ اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

Indien: Manmohan Singh, Sikh und Finanzpolitiker als Ministerpräsident vereidigt
وزیر داخلہ شیو راج پاٹل نے بھی استعفیٰ دے دیا جسے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے قبول کر لیاتصویر: AP

اطلاعات کے مطابق ممبئی حملوں کے بعد ریاستی وزیر اعلیٰ دیش مکھ پر استعفے کے لئے شدید دباؤ تھا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب یہ جماعت کی قیادت پر منحصر ہے کہ وہ اسے منظور کرتے ہیں یا نہیں۔

اس سے قبل بھارتی وزیر داخلہ شیو راج پاٹل نے بھی استعفیٰ دے دیا جسے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے قبول کر لیا اور وزیر خزانہ چدمبرم کی وزارت کی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے انہیں داخلی امور کا وزیر بنا دیا گیا ۔ شیو راج پاٹل نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ ’اخلاقی ذمہ داری‘ کے تحت کیا۔

Streit um Irans Atomforschung hält an
امریکی وزیر خارجہ رائس نے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ممبئی کے دہشت گردانہ واقعات کی تحقیقات کے سلسلے میں بھارت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔تصویر: AP

بھارت کے مقامی ٹی وی چینل کے مطابق شیوراج پاٹل کے بعد قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائنن بھی مستعفی ہوگئے۔

ممبئی میں ہونے والے دھشت گردی کے واقعات میں تقریباً دو سو افراد ہلاک جبکہ تین سو زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا اور رائے عامہ ان واقعات کو حکمران جماعت اور ملکی قیادت کے ساتھ ساتھ انتظامیہ اور خفیہ اداروں کی بھی ناکامی سے تعبیر کر رہا تھا۔

Konflikt Indien Pakistan
ان حملوں میں دہشت گردوں کے مبینہ طور پر پاکستانی ہونے کے الزامات کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب ان حملوں میں دہشت گردوں کے مبینہ طور پر پاکستانی ہونے کے الزامات کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کشیدہ ہوتی صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کانفرنس طلب کر لی ہے۔ اسی حوالے سے جمعے کو رات گئے پاکستانی صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی طویل ملاقات ہوئی۔

Reaktion Terror Bombay
مقامی میڈیا میں بھارتی قیادت اور خفیہ اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔تصویر: AP

ادھر وائٹ ہاؤس کی جانب سے پریس بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزارائس بدھ کو نئی دہلی کا دورہ کریں گی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق کونڈو لیزا رائس کے دورے کا مقصد بھارت کے عوام سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ تاہم سفارتی حلقے امریکی وزیرخارجہ کے اس دورے کو پاکستان اور بھارت کے مابین پائی جانے والی کشیدگی میں کمی کے لئے امریکی کوششوں کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ رائس نے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ممبئی کے دہشت گردانہ واقعات کی تحقیقات کے سلسلے میں بھارت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔