1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کی یورپ میں کوئی جگہ نہیں، چیک وزیر خزانہ

عابد حسین
21 دسمبر 2016

چیک جمہوریہ کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ یورپ میں مہاجرین کے لیے کوئی جگہ اور گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بیان برلن میں کرسمس مارکیٹ پر کیے گئے ٹرک حملے کے تناظر میں دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UePd
Flüchtlinge am kroatisch-slowenischen Grenzübergang in Bregana
تصویر: picture-alliance/PIXSELL

چیک جمہوریہ کے وزیر خزانہ آندرژ بابیش نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ مہاجرین کے لیے براعظم یورپ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو برلن کرسمس مارکیٹ پر کیے جانے والے حملے کی ذمہ داری کلی طور قبول کرنی چاہیے۔ چیک سیاستدان بابیش کا بیان انگیلا میرکل کی مہاجرین بارے اوپن پالیسی رکھنے کے تناظر میں خیال کیا گیا ہے۔

 بابیش چیک جمہوریہ کے نائب وزیراعظم بھی ہیں اور سیاسی جماعت Action of Dissatisfied Citizensکے سربراہ بھی ہیں۔ یہ جماعت ANO11 بھی کہلاتی ہے۔

آندرژ بابیش کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے اس حادثے کی ذمہ دار چانسلر ٹھہرائی جا سکتی ہیں کیونکہ انہی کے ایما پر جرمنی میں مہاجرین کو داخل ہونے کی اجازت دی گئی اور پھر جرمنی سے سارے یورپ میں مہاجرین پھیل گئے۔ بابیش کے مطابق غیر قانونی مہاجرین کی یہ لہر بے قابو ہو چکی ہے اور اس پالیسی کے تحت بغیر دستاویزات اور درست شناخت کے لوگ یورپ میں داخل ہو گئے ہیں۔

Andrej Babis
چیک جمہوریہ کے وزیر خزانہ آندرژ بابیش نےتصویر: picture-alliance/dpa

چیک وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ براعظم یورپ کی جانب رخ کرنے والے مہاجرین کی حوصلہ شکنی ضروری ہے اور اسی سے ہی اُن کی آمد کو روکا جا سکے گا۔ بابیش نے یہ بیان یورپ پہنچ کر سیاسی پناہ حاصل کرنے والے مہاجرین کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے دیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ وسطی یورپ کے کئی ممالک مہاجرین کے بارے میں یورپی یونین کی پالیسی کے سخت ناقد ہیں۔ اس پالیسی کی جرمن چانسلر انگلیلا میرکل بڑی حمایتی تصورکی جاتی ہیں۔ یورپ کو افریقہ اور ایشیا کے اُن ملکوں کے مہاجرین کی آمد کا سامنا ہے، جو غریب اور مسلح تنازعات کے شکار ہیں۔ وسطی یورپی ممالک کے بعض ممالک یورپی یونین کے کوٹے کی بنیاد پر مہاجرین کی آبادکاری کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں۔