1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین بھی انسان ہیں، جرمن سیاست دان نے پارٹی چھوڑ دی

عاطف بلوچ، روئٹرز
19 دسمبر 2016

جرمنی کی مہاجرین اور مسلم مخالف پارٹی الٹرنیٹیو فار جرمنی کی سیاست دان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جماعت ہر خرابی کا الزام صرف اور صرف مہاجرین پر ڈال رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2UWGT
Deutschland Berlin Demonstration gegen Rassismus und Diskriminierung
تصویر: picture alliance/dpa/P. Zinken

جرمن صوبے باڈن وُرٹمبرگ کی ریاستی پارلیمان کی رکن کلاؤڈیا مارٹن نے ہفتے کے روز پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الٹرنیٹیو فار جرمنی دائیں بازو کی سوچ رکھنے والے افراد کی ہم دردیاں حاصل کرنے کے لیے ہر خرابی کا ذمہ دار مہاجرین کو قرار دے رہی ہے اور اس سے اس جماعت کو فائدہ بھی ہو رہا ہے۔

انہوں نے ہفتے کے روز اپنے بیان میں کہا کہ یہ جماعت اب عوام کے لیے دور اندیش سوچ چھوڑ کر صرف اور صرف ووٹ حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہو چکی ہے اور اسی وجہ سے مہاجرین کے خلاف سخت ترین پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کلاؤڈیا مارٹن کا کہنا تھا، ’’مہاجرین بھی انسان ہیں‘‘۔

مارٹن نے اپنی سابقہ جماعت کے سیاست دانوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ہر خرابی کا ذمہ دار مہاجرین کو ٹھہرا دیتے ہیں۔

اس سے ایک روز قبل مارٹن نے اشارہ دیا تھا کہ وہ الٹرنیٹیو فار جرمنی چھوڑ دیں گی۔ یہ بات اہم ہے کہ جنوب مغربی جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ  ہی وہ پہلی جرمن ریاست تھی، جہاں اس جماعت نے پہلی مرتبہ انتخابی کامیابیاں حاصل کیں تھی۔ یہ جماعت اب بھی ریاستی پارلیمان میں سب سے بڑی اپوزیشن قوت ہے۔

رواں برس ہونے والے متعدد صوبائی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی نے نمایاں انتخابی کامیابی حاصل کی ہیں۔ یہ جماعت چانسلر انگیلا میرکل کی مہاجرین دوست پالیسیوں کی شدید مخالفت کرتی ہے۔

جرمنی کی اہم سیاسی جماعتیں اس پارٹی کی مسلسل بڑھتی ہوئی مقبولیت پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔ ابھی چند روز قبل جرمن پارلیمان نے اسی تناظر میں اپنے ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ جرمن ثقافت مختلف رنگوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے تنوع سے عبارت ہے اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت اس تنوع کو ختم کر کے تنہائی کا راستہ اپنانا چاہتی ہیں۔