1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرت کے سفر میں ایک نئی زندگی کا جنم

صائمہ حیدر6 جولائی 2016

پناہ کی تلاش میں بحیرہٴ روم کی طوفانی موجوں پر سفر کے دوران بچائی جانے والی ایک افریقی خاتون نے اطالوی بحریہ کے ایک جہاز پر ایک بچی کو جنم دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JKEO
Italien Symbolbild Cameroonian woman gives birth on Italian vessel
اطالوی بحریہ کے مطابق اسی جہاز پر رواں برس 27 جون کو بھی ایک بچے کی پیدائش ہوئی تھیتصویر: Getty Images/AFP/G. Isolino

پناہ کی تلاش میں یورپ کے خطرناک سفر پر نکلی ہوئی اس حاملہ خاتون کا تعلق افریقی ریاست کیمرون سے ہے اور اُسے اطالوی بحریہ کے محافظ دستے نے بحیرہٴ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا تھا۔ بچی کی پیدائش منگل کی رات نو بجے ہوئی اوراطالوی بحریہ کے مطابق ماں اور بیٹی دونوں کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

اس بچی کا نام جہاز پر زچگی کے دوران خدمات انجام دینے والی ایک دایہ کے نام پر مانوئیلا رکھا گیا ہے۔ ان دونوں کو بعد میں بدھ کے روز دیگر 976 تارکین وطن کے ہمراہ جنوبی اٹلی کے’ریگیو کلابریا‘ نامی ساحلی شہر پر اتار دیا گیا تھا۔

اطالوی بحریہ کے مطابق اسی جہاز پر رواں برس 27 جون کو بھی ایک بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اطالوی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ سسلی اور شمالی افریقہ کے درمیان پھیلے سمندر میں لگ بھگ ساڑھے چار ہزار تارکین وطن کو بچانے کے لیے تیس امدادی آپریشنز کیے گئے۔

حالیہ مہینوں میں بلقان رُوٹ کہلانے والے راستے کے بند ہونے کے بعد سمندر کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کے لیے اٹلی داخلے کا مرکزی مقام بن گیا ہے۔

مہاجرت کی بین الاقوامی تنظیم کے پیر کے روز شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق دو لاکھ چھبیس ہزار پانچ سو پینتیس افراد سمندر کے راستے یورپ پہنچے، جن میں اطالوی ساحلوں پر پہنچنے والوں کی تعداد سڑسٹھ ہزار کے قریب تھی۔ اس تنظیم کے مطابق دو ہزارآٹھ سو ننانوے افراد وہ تھے، جو بحیرہٴ روم پار کرتے ہوئے یا تو لاپتہ ہو گئے یا پھر ہلاک ہو گئے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید