1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ریسنگ فارمولا ون سیزن کا اختتام: لوئیس ہملٹن ، عالمی چیمپئن

3 نومبر 2008

موٹر ریسنگ میں فارمولا ون کار ریسنگ بلا شبہ ا پنی سنسنی خیزی کے باعث انتہائی مقبول ہے۔ سن دو ہزار آٹھ کے دوران ہونے والی ریسوں کے بعد کم عمر ترین عالمی چیمپئن لوئیس ہملٹن سامنے آئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/FmHx
فارمولا ون موٹر سپورٹس کے عالمی چیمپئن لوئیس ہملٹن۔تصویر: AP

فارمولا ون کار ریسنگ کی تاریخ میں اتوار، دو نومبر سن دو ہزار آٹھ کا دِن خاصا اہم تھا۔ برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن کو برازیل کی انٹر لاگوس گراں پر میں کم از کم پانچویں پوزیشن درکار تھی اور وہ اُس میں آخری لمحوں میں کامیاب رہے۔ برازیل کے فلپ میسا کو تو بہر حال عالمی چیمپئن بننے کے لئے یہ ریس جیتنا ضروری تھی وہ اُس مشن میں کامیاب رہے۔ میسا نے اپنے ملک میں ریس ضرور جیتی مگر عالمی چیمپئن بننے کا خواب اُدھورا رہا۔

Formel 1 Fahrer Nick Heidfeld und Felipe Massa
برازیل کے فلپ میساتصویر: AP

آخری ریس پر اِس بار عالمی چیمپئن شپ کا فیصلہ ہونا تھا۔ ریس ختم ہونے کے بعد جب پوائنٹس ٹیبل سامنے آیا تو لوئیس ہملٹن کے سر چیمپئن شپ کا تاج تھا اور برازیل کے فلپ میسا صرف ایک پوائنٹ سے یہ اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ بظاہر یہ فاصلہ کتنا کم ہے مگر اِس اعزاز کے حصول میں پورا ایک سال اب درکار ہے۔

فارمولا ون میں کامیابی حاصل کرنے والے لوئیس ہملٹن کے ملک برطانیہ کے ڈرائیور Damon Hill نے سن اُنیس سو چھیانوے میں چیمپئن شپ جیتی تھی۔ ہملٹن کو یہ کامیابی آخری چکر میں حاصل ہوئی۔ سترہویں چکر کے شروع ہونے پر وہ چھٹے مقام پر تھے مگر آخری لمحوں میں قسمت کی دیوی اُن پر مہربان رہی اور نروس ہونے کے بجائے اپنی مہارت کااستعمال کرتے ہوئے چیمپئن بننے میں کامیاب رہے۔

Formel1 Gruppenbild der Fahrer in Brasilien 2008
برازیل میں ہونے والی سال دو ہزار آٹھ کی آخری گراں پری ریس میں شریک ڈرائیوروں کا گروپ فوٹو۔تصویر: picture-alliance/dpa

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پہلی پوزینش برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن کو اور دوسری برازیل کے فلپ میسا کو حاصل ہوئی ہے۔ گزشتہ سال کے چیمپئن فن لینڈ کے ریمی رائے کونن اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور وہ تیسری پوزیشن حاصل کر سکے۔ مشہور ہسپانوی ڈرائیور آلانسو نے سیزن کے آخری دِنوں میں کارکردگی کو بہتر کیا تھا اور اُن کے حصے میں پانچویں پوزیشن آئی۔ جرمنی کے نوجوان ڈرائیور سباسطئن فیٹل کو آٹھواں مقام حاصل ہوا ہے۔

گاڑیوں میں فراری کو پہلی پوزیشن حاصل ہوئی۔ اُس کے ایک سو بہتر پوائنٹس تھے۔ دوسری پوزیشن جرمن کار مرسیڈیز کو ملی۔ اُس کے پوائنٹس ایک سو اکاون تھے۔

موٹر سپورٹس میں فارمولا ون مقابلوں کا سیزن برائے سال دو ہزار آٹھ مارچ کی سولہ تاریخ سے شروع ہوا تھا اور دو نومبر کو ختم ہوا۔ سن دو ہزار آٹھ میں آسٹریلیا کے شہر ملبورن سے برازیل کے انٹر لاگوس تک کُل اٹھارہ ریس مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔

اگلے سال کے کلینڈر برائے فارمولا ون مقابلوں میں کچھ تبدیلی پیدا کی گئی ہے۔ سن دو ہزار نو میں آخری ریس برازیل میں نہیں ہو گی بلکہ اِس کا اہتمام خلیجی ریاست ابو ظہبی میں ہوگا۔ اِس کے لئے تیرہ سے پندرہ نومبر کے درمیانی دِن مختص ہیں۔ ابو ظہبی میں ریس کی مناسبت سے یہ واضح ہوتا ہے کہ خلیجی علاقوں کی اقتصادی اہمیت مسلم ہو چکی ہے۔ اِسی باعث وہاں اب دو گراں پری مقابلوں کا اہتمام ہو گا۔ سیزن کی تیسر ریس بحرین گراں پری ہوتی ہے۔ اِسی طرح اگلے سال پہلی ریس بھی مارچ کے آخر میں رکھی گئی ہے۔ برازیل کی ریس آخرِ اکتوبر میں ہو گی۔

موٹر سپورٹس کھیل کے منظر نامے پر ایک مہنگا کھیل تصور کیا جاتا ہے۔ موٹر سپورٹس اور پھر فارمولا ون خاص طور سے انتہائی چیلنجنگ ہے۔ گلیمر اور پیسہ بھی اِس کھیل کے گرد گھومتا ہے۔