1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی یا بمبئی، بیس برس گزر گئے مگر نام ہے کیا؟

عاطف توقیر13 نومبر 2015

بیس برس قبل بمبئی کا نام سرکاری طور پر تبدیل کر کے ممبئی کر دیا گیا گیا تھا۔ ہندو قوم پرست سیاست دانوں کی کوشش ہے کہ برطانوی راج میں رکھے گئے شہروں کے ناموں کو تبدیل کر کے ان کے قدیمی ناموں کی واپسی ممکن ہو۔

https://p.dw.com/p/1H5BK
Indien Gateway in Mumbai
تصویر: picture alliance/Robert Harding World Imagery

انتہائی دائیں بازو کی ہندو انتہاپسند تنظیم شیو سینا نے سن 1995ء میں اس وقت بین الاقوامی خبروں میں جگہ پائی تھی، جب اس تنظیم کی جانب سے بے پناہ دباؤ پر بھارتی حکومت نے بمبئی کا نام تبدیل کر کے ممبئی کر دیا تھا، تاہم یہاں کے باسی اب بھی یا تو سیاسی وجوہات کی بنا پر یا عادتاﹰ اس شہر کو بمبئی پکارتے ہیں۔

بمبئی ہائی کورٹ اور بھارتی انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بمبئی ان بہت سے اداروں میں سے دو ہیں، جو اب بھی اس شہر کے لیے اس کا انگریزی نام بمبئی ہی استعمال کر رہے ہیں، تاہم شہر کے نام کے حوالے سے یہ ابہام بہت سے سیاحوں کے لیے پریشانی کا باعث بھی بنتا ہے۔

جنوبی ممبئی سے تعلق رکھنے والے شیوسینا جماعت کے ایک قانون ساز اروِند ساونت کا کہنا ہے، ’’جب بمبئی ممبئی بن چکا ہے، تو ہر چیز کو اس اعتبار سے تبدیل ہو جانا چاہیے تھا۔ مجھے نہیں معلوم اس سلسلے میں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے۔‘‘

Indien Einspännige traditionelle Pferdekutschen in Mumbai (Bildergalerie)
ممبئی کو بھارت کے تجارتی مرکز کی حیثیت حاصل ہےتصویر: I. Mukherjee/AFP/Getty Images

ممبئی بھارتی ریاست مہاراشٹر کا دارالحکومت ہے اور اس ریاست کو شیوسینا کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ انتہائی دائیں بازو کی یہ جماعت ریاستی زبان میراٹھی کے حق میں آواز اٹھاتی ہے اور ہندو دھرم سے وابستگی پر انداز فاخرانہ کی حامل ہے۔

اس جماعت نے بمبئی کے نام کو ممبا دیوی کے نام پر ممبئی میں تبدیل کرنے کی مہم چلائی تھی۔ ممبا دیوی مچھیروں کے تحفظ کی دیوی ہے۔ ممبئی ایک دور میں مچھیروں کی بستی تھا اور شیوسینا نے ریاستی انتخابات میں کامیابی کے بعد سرکاری طور پر اس شہر کا نام تبدیل کر دیا تھا۔

میراٹھی زبان بولنے والے ہمیشہ سے شہر کو ’ممبئی‘ ہی پکارتے تھے اور اس وجہ سے شہر کے نام کی تبدیلی مقامی رہائشیوں کے لیے مکمل طور پر قابل قبول تھی۔ دوسری جانب بمبئی اس شہر کا پرتگالی نوآبادیاتی دور میں رکھا گیا نام تھا، جو لفظ بوم باہیا‘ یا ’اچھی خلیج‘ سے منسلک تھا۔ اسی نام کو بعد میں برطانوی دور میں بھی رائج رکھا گیا۔

ممبئی کے علاوہ بھارت میں جن شہروں کے نام تبدیل کیے گئے ان میں مدراس کا نام تبدیل کر کے چنئی اور کلکتہ کا نام کولکتہ کر دیا گیا۔