1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی بم دھماکوں کے الزام میں نیپال میں بھارتی باشندہ گرفتار

27 جولائی 2011

نیپالی پولیس نے 13 جولائی کو ممبئی میں تہرے بم دھماکوں میں 24 افراد کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک بھارتی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات اے ایف پی کو پولیس کے ایک ذریعے نے منگل کو بتائی۔

https://p.dw.com/p/124n5
تصویر: dapd

پولیس افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 43 سالہ شخص کا تعلق بھارت کی مشرقی ریاست بہار سے ہے۔ انسداد دہشت گردی پولیس نے ہفتے کو کٹھمنڈو میں اس کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا۔

افسر نے بتایا کہ اسے ممبئی دھماکوں سے رابطوں کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ یہ ممبئی دھماکوں کے سلسلے میں ہونے والی پہلی گرفتاری ہے۔

نیپال پولیس کے ترجمان نوراج ڈھاکل نے ایک بھارتی شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی مگر انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ اس کا تعلق ممبئی دھماکوں سے تھا۔ دھماکوں کی تحقیقات کرنے والے بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سربراہ راکیش ماریا نے بھی ان اطلاعات کی تردید کی۔

Indien Mumbai Terroranschlag
ممبئی دھماکوں میں 24 افراد ہلاک ہوئے۔تصویر: dapd

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق، نئی دہلی میں بھارتی وزارت داخلہ نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام دھماکوں سے ممکنہ روابط اور مزید معلومات کے لیے نیپال پولیس سے رابطے میں ہیں۔ اس گرفتاری سے بھارت کے کاروباری دارالحکومت ممبئی کی پولیس کو بیش قیمت معلومات ملیں گی کیونکہ فورنزک ٹیموں اور اعلٰی پائے کے سراغ رسانوں کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود اس معاملے پر کچھ زیادہ پیشرفت نہیں ہو سکی۔

انٹیلیجنس افسران کی ٹیموں نے دھماکوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے ایک اسلامی شدت پسند گروپ انڈین مجاہدین کے اراکین سے پوچھ گچھ کی ہے۔

اس کے علاوہ پولیس نے زیر زمین جرائم کی دنیا سے رابطے رکھنے والے دو افراد سے بھی تفتیش کی ہے جنہیں 2008ء میں مغربی شہر احمد آباد میں ہونے والے بم دھماکوں کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مصروف اوقات میں سونے اور ہیرے جواہرات کی تجارت کے مراکز کے علاوہ ایک رہائشی علاقے کو ہدف بنانے والے دھماکوں میں امونیم نائٹریٹ استعمال کیا گیا تھا اور یہ ٹائم بم تھے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: افسر اعوان