1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاری، یورپی ممالک کی شدید تنقید

21 دسمبر 2011

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن یورپی ممالک نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقوں میں مزید آبادکاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13WoO
تصویر: AP

جرمنی، فرانس، برطانیہ اور پرتگال کے سفارتکاروں نے منگل کو ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ عرب علاقوں میں یہودی آبادکاروں کی طرف سے فلسطینیوں پر حملوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یورپی سفارتکاروں نے اس نئی پیشرفت پر شدید مایوسی کا اظہارکرتے ہوئےکہا کہ اگر ان مسائل کا مناسب حل تلاش نہ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے عمل کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

منگل کو سلامتی کونسل کے رکن ممالک کی ایک میٹنگ کے بعد ان چار یورپی ممالک کی طرف جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری کو روکنے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں کٹر نظریات کے حامل یہودی آبادکاروں کی طرف سے فلسطینیوں اور ان کی عبادت گاہوں پر کیے جانے والے حملوں کا بھی سدباب کرے۔

یورپی ممالک نے اسرائیلی حکومت کی طرف سےکیے گئے اُس حالیہ اعلان کو ’تباہ کن‘ قرار دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی حکومت مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری کے مجوزہ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرے گی۔

NO FLASH Israel Palästina Siedlung Siedlungsbau Bethlehem Westjordanland
مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاری کا سلسلہ بدستور جاری ہےتصویر: picture alliance/dpa

سلامتی کونسل کی میٹنگ کے بعد بھارت، جنوبی افریقہ اور برازیل نے بھی اسرائیلی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار قیام امن کے لیے کوششیں کی جائیں۔ دریں اثناء خطے کی تازہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں روسی سفارتکار نے کہا ہے کہ اسرائیلی فلسطینی تنازعے کے تصفیے کے لیے دو ریاستی حل پر بھی سوالیہ نشانات ابھرتے جا رہے ہیں۔

اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے مابین امن مذاکرات ستمبر 2010ء سے تعطل کا شکار ہیں۔ فلسطینی رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ جب تک اسرائیلی حکومت مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری نہیں روکتی، تب تک یہ مذاکرات بحال نہیں کیے جائیں گے۔ دوسری طرف اسرائیلی حکومت فلسطینی رہنماؤں کے ان مطالبات کے باوجود مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاری کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔

سلامتی کونسل کے تمام رکن ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ اگر اسرائیلی حکومت مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاری کا سلسلہ جاری رکھتی ہے تو خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کا کامیاب ہونا انتہائی مشکل ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں