1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معذورعبدالباسط کی سزائے موت پر عملدرآمد چوتھی بار ملتوی

کشور مصطفیٰ25 نومبر 2015

پاکستانی صوبے پنجاب کے شہر فیصل آباد کی جیل میں سزائے موت کے منتظر معذور قیدی عبدالباسط کی پھانسی پر عمل درآمد کو دو ماہ کے لیے روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HC7O
تصویر: picture alliance/dpa/S. Akber

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ممنون حسین نے یہ احکامات عبدالباسط کی معذوری کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے ہیں۔ عبدالباسط کی پھانسی پر عمل درآمد میں التوا کا یہ فیصلہ چوتھی بار کیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق عبدالباسط کو آخری وقت پر پھانسی نہ دینے کے فیصلے میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں کی طرف سے اسلام آباد حکومت پر کی جانے والی تنقید بھی حکام نے اپنی نظر میں رکھی ہو گی۔

اگر عبدالباسط کو پھانسی دے دی جاتی تو یہ رواں سال کے دوران پاکستان میں مجرموں کو دی جانے والی 300 ویں سزائے موت ہوتی۔ عبدالباسط کی سزائے موت کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ویل چیئر پر بیٹھا یہ معذور شخص پھانسی کے پھندے تک کس طرح پہنچ سکتا ہے۔ اس سے قبل چلنے پھرنے سے قاصر سزائے موت کے قیدی عبدالباسط کو 22 ستمبر کی صبح پھانسی دی جانی تھی تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہوا تھا۔

Symbolbild Pakistan Gefängnis
سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی کے بعد سے اب تک 299 افراد سزا پا چُکے ہیںتصویر: picture alliance/dpa/S. Akber

منگل کی شام میں صدر پاکستان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کو مقدم رکھتے ہوئے عبدالباسط کی سزائے موت کو دو ماہ کے لیے ملتوی کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی صدر ممنون حسین نے عبد الباسط کی صحت کی صورتحال کی مکمل چھان بین کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

عبد الباسط کی والدہ نصرت پروین نے اپنے بیٹے کی موت کی سزا پر عملدرآمد سے پہلے آخری لمحات میں سزا کے ملتوی ہونے کے اعلان پر دلی مُسرت کا اظہار کرتے ہوئے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا،’’ ہمیں ٹیلی وژن کی خبروں سے یہ اطلاع ملی کے صدر پاکستان نے میرے بیٹے کی پھانسی کی سزا کو دو ماہ کے لیے ملتوی کر نے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ہم صدر کے اس اعلان پر بہت خوش ہیں‘‘۔

معذور مجرم کی والدہ نے یہ بھی کہا کہ اس خبر کی تصدیق جیل حکام نے بھی کر دی۔ باسط کے گھر والوں نے تاہم امید ظاہر کی ہے کہ عبدالباسط کی سزا کو دو ماہ سے زیادہ کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔ قبل ازیں باسط کی بہن عاصمہ مظہر نے صدر ممنون حسین سے اپنے معذور بھائی کی جان بخشی کی اپیل کی تھی۔

Hinrichtung in Faisalabad, Pakistan 21.12.2014
فیصل آباد کی جیلتصویر: picture-alliance/dpa/I. Sheikh

عاصمہ مظہر نے اے لیف پی کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ وہ منگل کو اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے بھائی سے ملنے گئی تھیں۔ یہ سوچ کر کہ یہ اُن کی آخری ملاقات ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا،’’ باسط بہت اُداس اور چُپ چُپ تھا۔ اُس نے ہمیں بتایا تھا کہ جیل کے حکام نے آ کر اُس کے معذور جسم کی پیمائش کر لی ہے‘‘۔ عاصمہ کے بقول ملاقات کے وہ لمحات اُن کے لیے بہت کٹھن تھے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق گزشتہ دسمبر میں پشاور کے ایک اسکول میں طالبان کے ایک سفاکانہ حملوں کے بعد پاکستان میں سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی سے اب تک 299 افراد کو سزائے موت دی جا چُکی ہے.