1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر کے گرجا گھروں میں بم حملے، ہلاکتوں کی تعداد تینتالیس

صائمہ حیدر
9 اپریل 2017

آج اتوار نو اپریل کو مصری شہروں طنطا اور اسکندریہ میں ’پام سنڈے‘ کے موقع پر ہونے والے بم حملوں میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے۔ ان بم حملوں کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ’ نے قبول کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2axL9
Ägypten nach Anschlag auf Kirche inTanta
مصری سکیورٹی ذرائع کے مطابق  طنطا کے مار گِرگِس کاپٹک چرچ میں زخمی ہونے والے پچاس افراد میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہےتصویر: Reuters/M. Abd el Ghany

بندرگاہی شہر اسکندریہ میں کیے گئے خودکش حملے میں 16  افراد  ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 41 زخمی بتائے گئے ہیں۔ یہ حملہ ایک قبطی گرجاگھر کے قریب کیا گیا۔ اس سے قبل صبح کے وقت دریائے نیل کے ڈیلٹا میں واقع شہر طنطا میں ایک گرجا گھر کے اندر ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 27 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے۔ مصری سکیورٹی ذرائع کے مطابق  طنطا کے مار گِرگِس کاپٹک چرچ میں زخمی ہونے والے پچاس افراد میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ یہ حملے  مسیحی برادری کے مقدس تہوار ایسٹر کے ہفتے کے آغاز پر کیے گئے ہیں جبکہ کیتھولک کلیسا  کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس بھی چند ہی ہفتوں بعد مصر کا دورہ کرنے والے ہیں۔

Ägypten weiterer Anschlag auf Kopten in Alexandria
یہ حملے  مسیحی برادری کے مقدس تہوار ایسٹر کے ہفتے کے آغاز پر کیے گئے ہیںتصویر: Reuters/Str

بم حملوں کے بعد ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سپریم کمانڈر آف آرمڈ فورسز السیسی نے تمام صوبوں میں محکمہ پولیس کو معاونت فراہم کرنے کی خاطر فوج کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔

مصر میں مسیحی اقلیت کے خلاف پر تشدد کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں اپنے حلیف ملک مصر کے دو گرجا گھروں میں ہوئے ان بم حملوں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے تاہم ساتھ ہی انہوں نے ٹویٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ اُنہیں امید ہے کہ مصر کے صدرعبد الفتاح السیسی جلد ہی اس مشکل صورتِ حال پر قابو پا لیں گے۔ اسرائیل، ترکی اور حماس سمیت کئی ممالک نے ان بم حملوں کی بھر پور مذمت کی ہے۔