1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشہور امریکی ماہرِ سیاسیات سیموئیل ہنٹنگٹن انتقال کر گئے

28 دسمبر 2008

مغرب اور اسلامی دُنیا کے مابین تنازعے کی پیشین گوئی کرنے والی متنازعہ کتاب ’’تہذیبوں کا تصادم‘‘ کے مصنف مشہور امریکی ماہرِ سیاسیات سیموئیل ہنٹنگٹن ہفتہ 27 دسمبر کو اکیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

https://p.dw.com/p/GOA3
چھبیس زبانوں میں شائع ہونے والی کتاب ’’تہذیبوں کا تصادم‘‘ کے مصنف سیموئیل ہنٹنگٹن کی یہ تصویر سن2001ء میں برلن میں ایک کانفرنس کے موقع پر اُتاری گئیتصویر: picture-alliance/ dpa

ہنٹنگٹن اٹھاون سال تک ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھاتے رہے اور سن دو ہزار سات میں ریٹائر ہوئے۔ اُن کی کتاب ’’تہذیوں کا تصادم اور ایک نئے عالمی نظام کی تشکیل‘‘ سن اُنیس سو چھیانوے میں منظرِ عام پر آئی تھی۔ یہ کتاب اُن کے اُس سے تین سال پہلے فارن افیئرز میگزین میں شائع ہونے والے ایک مضمون کی توسیع شُدہ شکل تھی۔

چھ سو صفحات پر مشتمل اِس کتاب میں ہنٹنگٹن نے کہا تھا کہ دُنیا آج کل حریف تہذیبوں مثلاً مسیحیت، اسلام، ہندو مَت اور کنفیوشزم میں بٹی ہوئی ہے اور اِن تہذیبوں کے درمیان مقابلہ بازی اور تنازعہ ناگزیر ہے۔ سرد جنگ کے بعد کے زمانے میں نظریات کی بجائے مذاہب کو تنازعات کی بنیاد قرار دینے سے متعلق ہنٹنگٹن کے اِس نظریے نے خاص طور پر گیارہ ستمبر سن دو ہزار ایک کو امریکہ پر دہشت پسندانہ حملوں کے تناظر میں دنیا بھر میں اسلام اور مغربی دُنیا کے مابین تعلقات کے حوالے سے ایک وسیع بحث مباحثے کا آغاز کر دیا۔

اِسی طرح سن دو ہزار چار میں شائع ہونے والی اُن کی کتاب ’’ہم کون ہیں؟ امریکہ کی قومی شناخت کو درپیش چیلنجز‘‘ نے بھی گرما گرم بحث مباحثے کو جنم دیا تھا۔ اِس کتاب میں اُنہوں نے یہ خیال پیش کیا تھا کہ امریکہ میں میکسیکو سے آنے والے تارکینِ وطن کی بہت بڑی تعداد امریکہ کی روایتی شناخت اور قومی اتحاد کے لئے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔

ہنٹنگٹن نے مجموعی طور پر سترہ کتابیں تحریر یا مرتب کیں۔ وہ نوّے سے زیادہ مضامین کے بھی خالق تھے۔ اُنہیں گذشتہ پچاس برسوں کے با اثر ترین ماہرینِ سیاسیات میں شمار کیا جاتا ہے۔