مراکش میں اسلام پسندوں کی فتح
27 نومبر 2011مراکش کی تاریخ میں بہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی اسلام پسند جماعت نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہو۔ جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی نے پارلیمنٹ کی تین سو پچانوے میں سے دو سو اٹھائیس نشستیں حاصل کی ہیں۔ انتخابات میں وزیر اعظم عباس الفصیغ کی انڈیپینڈنس پارٹی دوسرے نمبر پر رہی۔ انتخابات کے سرکاری نتائج اتوار کو جاری کیے جائیں گے۔
مراکش میں یہ پیش رفت امسال عرب ممالک میں جمہوری تحریکوں کے آغاز یا ’عرب اسپرنگ‘ شروع ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ تیونس میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی اسلامی جماعت فتح یاب ہوئی ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا کہ مصر میں بھی صورت حال کچھ زیادہ مختلف نہیں ہو گی۔
مراکش کی پی جے ڈی پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد مراکش کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کے نتائج سے مطمئن ہیں۔ انتخابی نتائج سامنے آتے ہی مراکش کے بیشتر شہروں میں لوگ گاڑیوں پر سوار ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی میں ہارن بجاتے رہے۔ لوگ پی جے ڈی کے پرچم بھی لہرا رہے تھے۔
جولائی میں منظور کیے گئے مراکش کے نئے آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی جماعت کے رہنما کو مراکش کے بادشاہ کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔
پی جے ڈی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔ پی جے ڈی کا یہ بھی کہنا کہ معربی ممالک کو اس کے اقتدار میں آنے سے کسی تشویش میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل