1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مجسمہ آزادی کی گردن زنی‘، جرمن جریدے کے ٹائٹل پر تنازعہ

مقبول ملک
5 فروری 2017

جرمن ہفت روزہ جریدے اشیگل کے سرورق پر حال ہی میں شائع کردہ وہ خاکہ بہت متنازعہ ہو گیا ہے، جس میں علامتی طور پر امریکی صدر ٹرمپ کو ایک ہاتھ میں ایک خنجر اور دوسرے میں امریکی مجسمہ آزادی کا کٹا ہوا سر پکڑے دکھایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2X0mu
Deutschland Titelseite DER SPIEGEL - mit Donald-Trump-Karikatur
تصویر: DER SPIEGEL/Handout via Reuters

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے اتوار پانچ فروری کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ تنازعہ ہفتہ چار فروری کو اس وقت پیدا ہوا جب جرمنی کے ایک کثیر الاشاعت ہفت روزہ جریدے ’ڈیئر اشپیگل‘ نے نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلوں، خاص کر ان کی امیگریشن پابندیوں کی پالیسی کو اپنی کور سٹوری کا موضوع بنایا۔

بحث اس وجہ سے شروع ہوئی کہ اس میگزین نے اپنے سرورق پر ایک خاکہ شائع کیا، جسے دیکھنے کے بعد کسی کو بھی کوئی شبہ نہیں ہو سکتا کہ اس جریدے کی مراد کون سی عالمی شخصیت ہے۔

دو دنوں میں ٹرمپ کے لیے دوسرا بڑا عدالتی دھچکا

امیگریشن پابندیاں: ’نام نہاد جج کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے‘، ٹرمپ

ٹرمپ کی امیگریشن پابندیاں، امریکی عدالت نے عمل درآمد روک دیا

اس خاکے میں چہرے کے خد و خال دکھائے بغیر بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ نظر آنے والی ایک شخصیت کو اس طرح دکھایا گیا ہے کہ اس نے اپنے بائیں ہاتھ میں ایک خون آلود خنجر پکڑا ہوا ہے اور دائیں ہاتھ میں امریکا میں انفرادی اور اجتماعی آزادیوں کی علامت سمجھے جانے والے مجسمہ آزادی کا کٹا ہوا سر۔

ایک اور اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ خاکہ ایک ایسے بہت مشہور آرٹسٹ کا بنایا ہوا ہے، جو خود بھی سیاسی وجوہات کی بناء پر ترک وطن پر مجبور ہوا۔ ایڈل روڈریگیز نامی اس آرٹسٹ کا تعلق پیدائشی طور پر تو کیوبا سے ہے لیکن وہ گزشتہ کئی برسوں سے امریکا میں مقیم ہیں۔

Amerika Freiheitsstatue
نیو یارک کے بندرگاہی علاقے میں نصب کردہ امریکی مجسمہ آزادیتصویر: dapd

Der Spiegel کے شائع کردہ اس اسکیچ میں ایڈل روڈریگیز نے ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھنے والے فرد کے ہاتھوں میں صرف خون آلود خنجر اور مجسمہ آزادی کا کٹا ہوا سر ہی نہیں دکھائے بلکہ ساتھ ہی نیچے طنزاﹰ ٹرمپ کا بار بار استعمال کیا جانے والا انتخابی نعرہ ’امیریکا فرسٹ‘ یا ’پہلے امریکا‘ بھی لکھ رکھا ہے۔

اس خاکے کی اشاعت پر شروع ہونے والی بحث اور چند حلقوں کی طرف سے کی جانے والی شدید تنقید کے جواب میں ڈیئر اشپیگل کے چیف ایڈیٹر کلاؤس برِنک بوئمر نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہمارے جریدے کے ٹائٹل پر امریکی صدر اس علامت کی گردن زنی کرتے دیکھے جا سکتے ہیں، جس نے 1886ء سے لے کر اب تک تارکین وطن اور مہاجرین کو جمہوریت اور آزادی کی عملی حمایت کرتے ہوئے امریکا  میں خوش آمدید کہا تھا۔‘‘

جرمنی میں ایک اہم جریدے کے سرورق پر اس خاکے کی اشاعت کے بعد خود جرمنی میں اور جرمنی سے باہر کئی یورپی اور غیر یورپی ملکوں کے میڈیا اداروں میں بھی اس موضوع پر ایک پرزور بحث شروع ہو گئی۔

جرمنی کے کثیر الاشاعت عوامی روزنامے ’بلڈ‘ کے مطابق اس خاکے اور اس برطانوی شہری کے خاکے میں بہت زیادہ مماثلت پائی جاتی ہے، جسے بین الاقوامی میڈیا ’جہادی جان‘ کے نام سے جانتا ہے۔ جہادی جان شام اور عراق کے وسیع تر علاقوں پر قابض شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کا وہ جنگجو تھا، جسے اس جہادی تنظیم کی جاری کردہ کئی ویڈیوز میں اس طرح دیکھا جا سکتا تھا کہ وہ داعش کے زیر قبضہ یرغمالیوں کے کٹے ہوئے سر ہوا میں لہراتے ہوئے نظر آتا تھا۔

US-Einreiseverbot gegen Muslime: Widerstand in den USA
ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے خلاف امریکا اور دیگر ملکوں میں مظاہرے جاری ہیں، اس تصویر میں امریکی شہر لاس اینجلس کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کیا گیا ایک حالیہ مظاہرہتصویر: Reuters/T. Soqui

روزنامہ بِلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی پارلیمان کے نائب اسپیکر اور جرمنی کی لبرل جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے الیگزانڈر گراف لامبسڈورف نے کہا، ’’اس خاکے کی اشاعت برے ذوق کی علامت ہے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کی زندگیوں کا بڑے فضول انداز میں حوالہ دے رہا ہو۔‘‘

اسی طرح قدامت پسند جرمن روزنامے دی وَیلٹ نے، جو بِلڈ کی طرح آکسیل اشپرنگر پبلشنگ گروپ کی ملکیت ایک اشاعتی ادارہ ہے، کھلی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اشپیگل کی ٹائٹل پکچر نے ’صحافت کو سستا اور کم قدر‘ کر دیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی کامیابی پر بھی اپنی ایک اشاعت میں اشپیگل نے ٹرمپ کو ایک ایسے شہاب ثاقب کے طور پر دکھایا تھا، جو زمین سے ٹکرا رہا تھا۔

اسی دوران امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اس خاکے کے خالق آرٹسٹ ایڈل روڈریگیز کے اس موقف کو اپنی اشاعت کا حصہ بنایا ہے کہ انہوں نے یہ اسکیچ ’ایک فنکار کی طرف سے سماجی تنقید‘ کے طور پر کس نقطہ نظر سے بنایا تھا۔