1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالیاتی بحران: یورپی رہنما امدادی پیکج پر متفّق

13 اکتوبر 2008

یورپی یونین کے ممالک کے پیرس منعقدہ انتہائی اہم اجلاس میں یورپی یونین کے تمام ممالک عالمی مالیاتی بحران سے اپنے مالیاتی اداروں اور بینکوں کو بچانے کے لیے ایک امدادی پیکج پر متفّق ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/FYKW
تصویر: AP

ان ممالک کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی یورپی بینک کو دیوالیہ ہونے نہیں دیں گے۔ امدادی پلان کے مطابق سن دو ہزار نو کے اختتام تک یورپی ممالک کی حکومتیں بینکوں کے حصّص خریدیں گی تاکہ بینکوں کے درمیان قرضوں کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے بے نظیر اقدامات کیے ہیں۔

Eurozonen Krisengipfel Paris Gruppenbild
یورپی یونین کے تمام رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مالیاتی بحران سے باہر نکل آئیں گےتصویر: AP


تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یورپی ممالک کے اس فیصلے کے بعد ایشیائی منڈیوں میں بہتری کے آثار رونما ہوئے ہیں۔ سڈنی بینچ مارک انڈیکس میں پانچ عشاریہ چھ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ جنوبی کوریا کے بازارِ حصص میں دو عشاریہ پانچ فیصد اضافہ رونما ہوا ہے۔
یورپی یونین کے ممالک کے اجلاس میں برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن برائون نے بھی شرکت کی حالانکہ برطانیہ یورو زون کا حصّہ نہیں ہے۔

Nicolas Sarkozy, französischer Wirtschafts- und Finanzminister
مالیاتی بحران ایک ایسے دور میں داخل ہوچکا تھا کہ مزید تاخیر کی گنجائش نہیں رہی تھی: فرانسیسی صدر نکولا سارکوزیتصویر: AP


فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اجلاس کے بعد کہا ہے کہ مالیاتی بحران ایک ایسے دور میں داخل ہوچکا تھا کہ مزید تاخیر کی گنجائش نہیں رہی تھی۔ فرانسیسی صدر نے یہ بھی کہا کہ اگر مالیاتی بحران کا زمہ دار اداروں کے منتظمین کو پایا گیا تو ان کو برخاست کردیا جائے گا۔

یورپی کمیشن کے صدر غوزے مانیول باروسو نے امدادی پلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پلان سے منڈیوں میں قنوتیت کی کیفیت ختم ہوجائے گی۔

یورپ سے باہر مالیاتی ادارے آئے ایم ایف نے یورپی رہنمائوں کے امدادی پلان کا خیر مقدم کیا ہے۔