1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماریو ڈراگی یورپی مرکزی بینک کے نئے سربراہ نامزد

17 مئی 2011

اٹلی کے سپر ماریو کہلانے والے ماریو ڈراگی یورپی مرکزی بینک کے اگلے سربراہ ہوں گے۔ یورپی یونین کے وزرائے مالیات نے ماریو ڈراگی کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11HmT
پروفیسر ماریو ڈراگی 2006ء سے Banca d italia سے منسلک رہے ہیںتصویر: dapd

یورو زون کے سربراہ نے برسلز میں بتایا کہ ماریو ڈراگی کا نام متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔ ڈراگی اس سے قبل اٹلی کے مرکزی بینک کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے ژاں کلود تریشے یورپ کے مرکزی بینک کے سربراہ کے عہدے سے رواں برس اکتوبر میں مستعفی ہو رہے ہیں۔ گزشتہ آٹھ برسوں سے یہ عہدہ انہی کے پاس ہے۔ عام تاثر یہ تھا فرانس کو یہ بات تسلیم کرنے میں مشکل ضرور پیش آئے گی کہ تریشے کا جانشیں کوئی اطالوی باشندہ ہو۔ پیرس حکام کی پوری کوشش تھی کہ یورپی مرکزی بینک کا اگلا سربراہ بھی کوئی فرانسیسی شہری ہی ہو۔ تاہم فرانسیسی سربراہ مملکت نکولا سارکوزی کی جانب سے اس حوالے سے بہت مثبت ردعمل سامنے آیا۔ ساکوزی نے اس حوالے سے کہا ’’ فرانس اس بات پر بہت خوش ہے کہ وہ اپنا ووٹ ایک اطالوی باشندے کو دے گا۔ میں ماریو ڈراگی کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔ ان کے حق میں ووٹ صرف اس لیے نہیں دیا جائے گا کہ وہ اطالوی ہیں بلکہ اس لیے کہ وہ انتہائی قابل اور اس عہدے کے لیے سب سے موزوں امیدوار ہیں‘‘۔

Deutschland EU Zinsen EZB Jean-Claude Trichet Pressekonferenz in Frankfurt
ژاں کلود تریشے کے پاس یہ عہدہ گزشتہ آٹھ برسوں سے ہےتصویر: dapd

ماریو ڈراگی کی خصوصیات سے صرف فرانسیسی صدر ہی متاثر نہیں ہیں بلکہ وہ اپنے کام کے حوالے سے ایک خاص پہچان رکھتے ہیں۔ یورپی مرکزی بینک کی سربراہی کے لیے ایک موزوں شخص کی تلاش طویل عرصے سے جاری تھی اور ایک مسئلہ بھی بنی ہوئی تھی۔ تاہم یورو ریاستوں کے گروپ کے سربراہ اور لکسمبرگ کے وزیراعظم ژاں کلود ینکر کی جانب سے اس بارے میں اعلان کے بعد تمام تر مسائل یکدم حل ہو گئے۔ پروفیسر ماریو ڈراگی 2006ء سے Banca d italia سے منسلک رہے ہیں۔ انہوں نے اٹلی کے مرکزی بینک کی ساکھ کو بہتر کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ بچپن میں خاموش طبیعت کے مالک ماریو ڈراگی ابھی بھی زیادہ بات نہیں کرتے۔ زیادہ تر ان کا موضوع گفتگو اقتصادی صورتحال اور بینکنگ کے نظام کو مستحکم کرنا ہی ہوتا ہے۔ بلند حوصلہ اور ولولہ انگیزی بھی ان کی بہت سی خصوصیات میں سے ہیں۔

ڈراگی کے حوالے سے حتمی فیصلہ جون میں ہونے والے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔ تاہم اس سے قبل یورپی وزرائے مالیات اپنے نامزد کردہ امیدوار کےکوائف یورپی یونین کے27 رکن ممالک کے سربراہاں مملکت و حکومت کے سامنے پیش کریں گے۔ اس کے بعد اس پر رسمی طور پر رائے شماری ہو گی۔ 63 سالہ ماریو ڈراگی یورپی مرکزی بینک کے تیسرے سربراہ ہوں گے۔ ان کی نامزدگی کے حوالے سے جرمنی کوکچھ تحفظات تھے۔ تاہم چانسلر میرکل نے گزشتہ ہفتے ہی ماریو ڈراگی کی حمایت کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل یورپی یونین کے باقی تمام رکن ممالک ڈراگی کے نام پر متفق ہو چکے تھے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں