1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیڈی گاگا گڑ گاؤں میں گائیں گی

25 ستمبر 2011

پوپ موسیقی کی دنیا پر راج کرنے والی خاتون امریکی گلوگارہ لیڈی گاگا اگلے ماہ نئی دہلی کے نواح میں منعقد ہونے والی پہلی بھارتی گراں پری موٹر ریسنگ کے موقع پر اپنے فن کا جادو جگائیں گی۔

https://p.dw.com/p/12g6X
تصویر: AP

منتظمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لیڈی گاگا اور امریکی ہیوی میٹل میوزیکل بینڈ میٹالیکا 28 اکتوبر کو ریاست ہریانہ کے گڑ گاؤں نامی علاقے میں ایک کنسرٹ میں جلوہ گر ہوں گے۔ 25 سالہ لیڈی گاگا کا اصلی نام سٹیفھنی ہے، جو اپنے بیشتر گانوں کے شعر بھی خود تحریر کرتی ہیں۔ انہیں 2008ء میں اپنے پہلے ہی البم The Fame سے عالمگیر شہرت ملی۔ ان کے مداحوں میں ایک بہتر بڑی تعداد ہم جنس پرستوں کی ہے، جن کے حقوق کے لیے وہ آواز بھی بلند کرتی رہتی ہیں۔

 گراں پری ریس کے سلسلے میں رواں سال کی یہ 17 ویں ریس ہوگی۔ اس کے لیے ریاست اتر پردیش میں گریٹر نوآڈا کا علاقہ منتخب کیا گیا ہے، جہاں بدھ انٹرنیشنل سرکٹ پر یہ بین الاقوامی مقابلہ منعقد ہوگا۔

Flash-Galerie Cannes Filmfestival 2011 Lady Gaga
لیڈی گاگا فرانس میں اپنے فن کے مظاہرے کے دورانتصویر: AP

ریس کی منتظم Jaypee سپورٹس انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شائقین کی دلچسپی کے لیے موسیقی کا یہ میلہ منعقد کر وایا جا رہا ہے۔ اس فارمولا ون ریس کے لیے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 25 سو اور زیادہ سے زیادہ 35 ہزار بھارتی روپے رکھی گئی ہے۔

تین روزہ ان مقابلوں کا ٹکٹ خریدنے والوں کو موسیقی کے میلے سے لطف اندوز ہونے کے لیے علیٰحدہ سے ٹکٹس لینا ہوں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ کم از کم نرخ والے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ ریس کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ ٹکٹس کی فروخت کی امید کی جارہی ہے، جن میں سے قریب 20 ہزار فروخت ہو چکے ہیں۔

Ferrari-Pilot Fernando Alonso führt Red-Bull-Pilot Sebastian Vettel Flash-Galerie
فارمولا ون کے سلسلے کی ایک ریس کا منظرتصویر: dapd

یاد رہے کہ بھارت 1997ء سے اس کوشش میں ہے کہ اپنے یہاں گراں پری ریس کا انعقاد کر واسکے۔ 2003ء تک بھارت کے پاس چنائے اور کوئیم باٹور کے علاقوں میں ریسنگ ٹریکس موجود تھے۔ اس کے ساتھ بینگلور، ممبئی اور آندھرا پرادیش میں بھی اس مقصد کے لیے زمین مختص کی گئی تھی۔

 2004ء میں فارمو ون کے چیف بیرنی ایکلسٹون کو امید تھی کہ اگلے تین سال کے اندر ہی بھارت میں ریس کا انعقاد ممکن ہوسکے گا مگر بعض وجوہات کی بناء پر ایسا نہ ہوسکا۔ اس کے بعد حیدرآباد میں ریس کے لیے مختص زمین پر آئی ٹی پارک تعمیر کر دیا گیا۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن اور فارمولا ون ریس کے منتظمین بالآخر اس ریس کے بھارت میں انعقاد کے حتمی فیصلے پر متفق ہوگئے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں